راولپنڈی میں سوائن فلو سے متاثرہ ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا ‘ تعداد چھ ہوگئی

منگل 19 جنوری 2016 14:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) راولپنڈی میں سوائن فلو سے متاثرہ ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد سوائن فلو سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی ، ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ‘ ہولی فیملی ہسپتال کے ڈینگی وارڈ کو سوائن فلو وارڈ میں تبدیل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چکلالہ راولپنڈی کے رہائشی ستاسی سالہ سید حسن میں ایک ہفتہ قبل سوائن فلو کی تصدیق ہوئی تھی ، ایک ہفتہ علاج معالجہ کے بعد مریض کی حالت میں بہتری ہوئی ۔

(جاری ہے)

تاہم گزشتہ روز حالت دوبارہ بگڑنے کے بعد ہسپتال لایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ای ڈی او ہیلتھ کے مطابق سید حسن میں سوائن فلو کی تصدیق ہوئی تھی تاہم بروقت علاج کے باعث وہ ٹھیک ہوگئے تھے ، ان کی موت دمہ اور الرجی کے باعث ہوئی ہے۔پنجاب حکومت نے سوائن فلو کی روز بروز بگڑتی صورتحال کے باعث ہسپتالوں میں ہائی الرٹ کر دیا ہے جبکہ راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال کے ڈینگی وارڈ سوائن فلو وارڈ میں تبدیل کردیا گیا اور عملے کو چوبیس گھنٹے ڈیوٹی دینے کی ہدایت کی گئی۔ سوائن فلو کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کنٹرول روم اور مانیٹرنگ سیل قائم کر دیئے گئے ہیں جن کی نگرانی ای ڈی او ہیلتھ کرینگے۔