تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت، راشد ملک

منگل 19 جنوری 2016 12:28

تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت، راشد ..

ا سلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء)پاکستان ویٹ لیفٹنگ فیڈریشن کے نائب صدر محمد راشد ملک نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے سکولز اور کالجز کی سطح پرکھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہوتا تھا لیکن اب نہ ہونے کے برابر ہے ، انہوں نے کہا کہ جب تک تعلیمی اداروں میں کھیلوں کو فروغ نہیں دیا جائے گا اس وقت تک ملک میں کھیلوں کا معیار بہتر نہیں ہو سکتا، انہوں نے تعلیمی اداروں کے سربراہاں پر روز دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں باقاعدہ طور ہر سال کھیلوں کے مقابلے منعقد کروائے جائیں اور اسی سکولز اور کالجز سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا،ایک سوال کے جواب میں راشد ملک نے کہا کہ دیگر قومی ویٹ لیفٹنگ ٹیم کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے بھی انٹرنیشنل سطح پر میڈلز حاصل کئے ہیں، اور سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے میڈلز حاصل کریں گے، سیف گیمز آئندہ 6 سے 16 فروری میں بھارت میں کھیلی جائے گی، انہوں نے کہا کہ مردوں کی قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جبکہ خواتین ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے جن میں کوچز کھلاڑیوں کو اعلیٰ اور جدید تربیت دے رہے ہیں اور کھلاڑی بھی کیمپ میں بھر پور محنت کر رہے ہیں، مردوں کی ٹیم میں عبداللہ غفور، محمد شہزاد، ابوسفیان، عمر رسول لون، محمد طاہر، عثمان امجد راٹھور، اظہر عامر اور نوح دستگیر بٹ جبکہ خواتین میں صائمہ شہزاد، سنیہا غفور، نیلم ریاض، نادیہ مقصود، رابعہ رزاق، سائرہ بانو شامل ہیں،محمد جاوید انور ٹیم کے منیجر ہونگے جبکہ محمد الیاس بٹ اور علی اسلم مرد ٹیم اور راشد ملک اور نزہت جبین خواتین ٹیم کی کوچ ہونگی،انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے تمام سہولیات مل رہی ہیں اور امید ہے کہ قومی ٹیم سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے میڈلز حاصل کرے گی-