دیہاتیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مہاراشٹرا کے گاوٴں کو بھارت کا امیرترین گاوٴں بنادیا

منگل 19 جنوری 2016 11:08

دیہاتیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مہاراشٹرا کے گاوٴں کو بھارت کا امیرترین ..

مہاراشٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء ) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع احمد نگر کے دوردراز گاوٴں کے لوگوں نے شدید خشک سالی اور بارش کی کمی کے باوجود آبی ذخائر تعمیر کرکے اس علاقے کی قسمت بدل کر اسے ملک کا امیرترین گاوٴں بنادیا ہے۔احمد نگر میں واقعے ”حیوڑے بازار“ نامی گاوٴں 1200 افراد پر مشتمل ہے جہاں کے لوگوں کی فی کس آمدنی 450 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 46 ہزار روپے کے برابر ہے اور یہ بھارت میں سب سے زیادہ فی کس آمدنی حاصل کرنے والا گاوٴں ہے۔

اسی گاوٴں میں 235 خاندانوں میں سے 60 لکھ پتی ہیں کیونکہ وہ گندم، جو، پیاز، آلو اور دیگر اہم فصلیں اگاتے ہیں جب کہ کچھ سال قبل یہاں کی زمین بنجر تھی اور یہ علاقہ شدید خشک سالی کا شکار تھا۔

(جاری ہے)

1990 کی دہائی میں یہ گاوٴں انتہائی غربت کا شکار تھا جہاں معمولی معمولی باتوں پر طویل فسادات ہوتے تھے۔ اس کے بعد علاقے کے واحد گریجویٹ پوپٹ راوٴ پنہور نامی شخص نے سردار بننے کے بعد سب سے پہلے یہاں موجود درجنوں شراب خانے بند کرائے اور گاوٴں کے غریب لوگوں کو قرض دینا شروع کیا۔

، پھر اس گاوٴں کے سب سے بڑے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی۔گاوٴں میں سالانہ 15 انچ سے بھی کم بارش پڑتی ہے اس کے لیے دیہاتیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مٹی کے 52 بند، پتھر سے بنے 32 بند اور دو بڑے ٹینک تعمیر کیے جس سے پانی کی فراوانی ہوگئی اس کے بعد زراعت 50 سے 170 ایکڑ زمین پر کھیتی باڑی شروع ہوگئی اور تین تین خاندانوں کا ایک گروپ بنایا گیا جو مل کرزراعت کرتے تھے اس طرح دیکھتے ہی دیکھتے کھیتوں کا رقبہ بڑھتا گیا جہاں کئی طرح کی اجناس اگائی جاتی ہیں۔ اب اس گاوٴں میں صحت و صفائی کی بہت عمدہ سہولیات موجود ہیں اور یہ بہت تیزی سے ترقی کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :