محکمہ ثقافت، سیاحت، آثار قدیمہ اور انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ برائے بحالی آثار سندھ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

پیر 18 جنوری 2016 22:31

کراچی ۔ 18 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جنوری۔2016ء) محکمہ ثقافت، سیاحت، آثار قدیمہ اور انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ برائے بحالی آثار سندھ کے مابین ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے مطابق انڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ سندھ بھر میں چار میوزیم کا قیام اور دو میوزک اسکول کھولنے میں حکومت سندھ کی مدد کرے گا۔ مفاہمت کی یادداشت پر سیکریٹری ثقافت، سیاحت و آثار قدیمہ عبدالکریم سولنگی اور سیکریٹری انڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ عبدالحمید اخوند نے دستخط کئے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے ثقافت و سیاحت شرمیلا فاروقی اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ ثقافت منظور قناسرو بھی موجود تھے۔ یادداشت کے مطابق سندھ انڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ جو چار میوزیم قائم کرے گا ان میں حیدرآباد شہر میں مُکھی ہاؤس میوزیم، آرٹ اینڈ کرافٹ میوزیم سیہون، سٹی میوزیم شکارپور اور اسٹیٹ میوزیم خیرپور شامل ہیں جبکہ دو میوزک اسکول کو بھی دوبارہ کھولنے میں انڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ سندھ حکومت کی مدد کرے گا، اس میں مہران آرٹس کونسل اور سچل اکیڈمی خیرپور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چاروں میوزیم کے قائم کرنے میں ہونے والے 100 فیصد اخراجات انڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ بردداشت کرے گا جبکہ ایڈمنسٹریشن اور اسٹاف کی فراہمی اور انتظامی امور کے تمام معاملات محکمہ ثقافت کے پاس ہی ہوں گے۔ اس موقع پر شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ان میوزیم کے قیام اور میوزک اسکول کی بحالی سے سندھ کی سرو سنگیت کی تہذیب و ثقافت کو دوبارہ فروغ دینے میں مدد ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی سیکٹر کے مشترکہ اسکیموں کے تحت ملک کی بہتر تعمیر و ترقی اور ختم ہوتی ثقافت کو بحال کرنے میں آسانی ہو گی۔

متعلقہ عنوان :