حرمین شرفین کی حفاظت مسلم امہ کی ذمہ داری ہے،چودھری رفعت ایڈووکیٹ

پیر 18 جنوری 2016 21:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء )پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آبادسے کسان کی سیٹ پر نومنتخب ضلع کونسلر چودھری رفعت ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ عالمی استعماری قوتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کررہی ہیں ان حالات میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کیلئے وزیراعظم میاں نوازشریف اور آرمی چیف راحیل شریف کا دونوں ممالک کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،حرمین شرفین کی حفاظت مسلم امہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

چودھری رفعت ایڈووکیٹ نے مزید کہاکہ پاک چائنہ راہداری منصوبے پر سیاستدانوں کی جانب سے بھرپور حمایت کااعلان وزیرعظم میاں نوازشریف کی مدبرانہ قیادت کا نتیجہ ہے۔اپنے بیان میں چودھری رفعت ایڈووکیٹ نے کہاکہ پاک چائنہ راہداری منصوبے کو کسی سازش کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیاجائے گا،اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی ترقی و خوشحالی کا باعث بنے گا،پاکستان مسلم لیگ(ن) سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے تحفظات ختم ہونے کے بعد اقتصادی راہداری منصوبہ کی حمایت خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ موجودہ صورتحا ل میں جبکہ پاکستان داخلی اور خارجی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے ،اقتصادی راہداری ہمارے دیرینہ اور آزمودہ دوست کی دوستی کی عظیم نشانی اور تحفہ ہے،بیرونی دنیاکی تمام تر مخالفت کے باوجود چین نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ میں ثابت قدم رہ کر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاک چین دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔چودھری رفعت ایڈووکیٹ نے کہاکہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے روشن مستقبل ترقی کی ضمانت ہے،چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے روٹ کو ہر ایک کی خواہش اور سوچ کے مطابق تبدیل نہیں کیاجاسکتا نہ ہی یہ ہم میں سے ہر ایک کے گھر کے آگے سے گزاراجا سکتا ہے۔