کلمہ چوک بکرا منڈی مسافروں اور ذاتی گاڑیاں رکھنے والوں کے لئے عذاب بن گیا

ٹریفک سگنل نہیں، وارڈن بھی غائب رہتے ہیں، چیف ٹریفک پولیس آفیسر نوٹس لیں، شہری حلقے

پیر 18 جنوری 2016 21:54

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء ) راولپنڈی کینٹ کے گنجان آباد علاقے کلمہ چوک میں پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کی غلط پارکنگ ، ٹریفک سگنل کی عدم موجودگی اور ٹریفک وارڈن کے ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک گھنٹوں بند رہتی ہے جس کی وجہ سے شہریوں حصوصا سکول آنے جانے والے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے- علاقے کی سماجی و سیاسی شخصیت مسلم شہزاد خان اور علاقے کے دیگرمعززین ملک خاقان اشرف، ملک عامر شہزاد، ملک عارف اعوان، سعید خان، فیض خان اور کلمہ چوک بکرا منڈی میں روزانہ سفر کرنے والے لوگوں کے مطابق چوک کے گرد و نواح میں ہونے والے انکروچمنٹ، پبلک سروس کی گاڑیوں کی طرف سے مسافر اتارتے وقت غلط جگہ پر پارکنگ ، ٹریفک سگنل کے نہ ہونے اور ڈیوٹی پر موجود وارڈن کے عدم توجہی کی وجہ سے چوک پر ٹریفک جام ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں اور موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے مسافروں اور گاڑی مالکان کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے- انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام ہونے کے اس مسئلے کو آسانی سے حل کیا جا سکتا ہے اگر تمام لوگ اپنی اپنی ذمہ داری کو محسوس کریں- انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ خاص پور پر سزوکی ڈرائیورز گاڑی چلاتے وقت قوانین کی دھجیاں اڑا دیتے ہیں اور وہ ڈیوٹی پر موجود وارڈن کو بھی کسی خاطر میں نہیں لاتے- انہوں نے چیف ٹریفک پولیس آفیسر سے اور کینٹ کی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنا اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں اور شہریوں کو روزانہ ملنے والے اذیت سے چھٹکارا دلوائیں-

متعلقہ عنوان :