دورِ جدید میں دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے صرف تعلیم کا ہتھیار ہی کارآمد ہے، شفقت محمود

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 18 جنوری 2016 16:23

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 18 جنوری۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے ایسے ہنر مند اور اعلیٰ تعلیم یافتہ طلباء و طالبات کی اشد ضرورت ہے جو وطنِ عزیز کی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر اپنی اہلیت کا لوہا منوا سکیں۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزگلوبل انسٹیٹیوٹ گارڈن ٹاوٴن میں پی ٹی آئی رکنِ قومی اسمبلی شفقت محمود نے تقریبِ سالانہ تقسیم انعامات کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔

جس میں اساتذہ و طلباء کی کثیر تعداد کے علاوہ رجسٹرار شکیبہ آفتاب،منتظمِ اعلیٰ خرم اظہار خان،معروف ماہرِ تعلیم سٹیوَن سمتھ،ڈائریکٹر ز رانا شہریاراوردانش خان یوسفزئی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

شفقت محمود نے طلباء پر زور دیا کہ وہ صرف لگاتار محنت و ایمانداری سے تکمیلِ تعلیم کے بعد ہی زندگی میں اپنے خوابوں کی تعبیر کو پورا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دورِ جدید میں دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے صرف تعلیم کا ہتھیار ہی کارآمد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مستقبل کے معماروں کو معاشرے میں عزت و احترام کی زندگی بسر کرنے اور عملی زندگی کے چیلنجوں سے عہدہ براہ ہونے کے لیے جد ید سائنسی و فنی علوم سے اپنے آپ کو آراستہ کرنا چاہیے۔انہوں نے گلوبل انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ اور انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ نوجوان نسل کو معیاری و اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لیے قابلِ تحسین سہولیات اور پُرامن تعلیمی ماحول فراہم کر رہے ہیں۔

قبل ازیں انہوں نے سالا نہ کھیلوں اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں نقد انعامات ، شیلڈز،ٹرافی و تمغہ جات بھی تقسیم کئے۔اس موقع پرماہرِ تعلیم سٹیوَن سمتھ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ گلوبل انسٹیٹیوٹ کے تعلیمی معیار اور طلباء کو فراہم کی جانے والی جدید کمپیوٹرلیب و سازگار تعلیمی ماحول سے از حد متاثر ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :