بتدریج تیل پر انحصار ختم کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں،شیخ محمد بن راشد آلمکتوم

اتوار 17 جنوری 2016 19:21

بتدریج تیل پر انحصار ختم کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں،شیخ محمد بن ..

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17جنوری۔2016ء) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کہاہے کہ ان کا ملک بتدریج تیل پر انحصار ختم کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے اور وہ وقت زیادہ دور نہیں جب ہم تیل کے آخری بیرل کی برآمد کا جشن منائیں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق سماجی میل جول کی ویب سائیٹ ”ٹویٹر“ پر جاری ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان کا ملک تیل پرانحصار بتدریج کم کرنے کی پالیسی کے لیے پرعزم ہے اور جلد ہی ہم تیل کی برآمد ختم کرنے کا جشن منائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم تیل کے متبادل توانائی کے ذرائع پرکام کررہے ہیں۔ حاکم دبئی کا کہنا تھا کہ آنے والی نسلوں کے لیے بہترین معیشت کی خاطر متبادل توانائی کے ایک جامع قومی پلان جلد ترتیب دیں گے تاکہ مضبوط معیشت کو ایک نئے انداز میں آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ امارات نے معیشت کے لیے 70 فی صد تیل پرانحصار کم کردیا ہے۔ ہمارا ہدف ایک ایسی معیشت کی داغ بیل ڈالناہے جس کا تیل پرانحصار نہ ہو۔ اس سلسلے میں ہم نئے اقتصادی شعبوں کا اضافہ کررہے ہیں۔ موجودہ معاشی سیکٹرز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے اور ایک ایسی نئی نسل تیار کریں گے جو متوازن اور دیر پا قومی معیشت کو آگے بڑھا سکے۔