سعودی عرب اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے پاکستان

وزیر اعظم نواز شریف نے مسلمانوں کے اتحاد کی خاطر اختلافات کو پر امن طریقے سے حل کر نے کا مطالبہ کیا ہے وزیر اعظم 18اور 19جنوری کو سعودی و ایران کا دورہ کر کے دونوں ممالک کی قیادت سے علاقائی اوربین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کرینگے ترجمان دفتر خارجہ کا بیان

اتوار 17 جنوری 2016 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جنوری۔2016ء) پاکستان نے کہا ہے کہ اسے سعودی عرب اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے وزیر اعظم نواز شریف نے مسلمانوں کے اتحاد کی خاطر اختلافات کو پر امن طریقے سے حل کر نے کا مطالبہ کیا ہے وزیر اعظم 18اور 19جنوری کو سعودی و ایران کا دورہ کر کے دونوں ممالک کی قیادت سے علاقائی اوربین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کرینگے ۔

اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد نوازشریف 18اور 19جنوری کو سعودی عرب اور ایران کا دورہ کرینگے اس موقع پر اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا اپنے دورے کے دوران وزیراعظم دونوں ممالک کی قیادت سے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کرینگے ۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے دونوں ممالک کے ساتھ انتہائی قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور یہ تعلقات اخوت باہمی احترام اور یکجہتی کے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں اور ان کو مشترکہ تاریخی ثقافتی اور اسلامی اقدار سے تقویت ملتی ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کو سعودی عرب اور ایران کے درمیان بڑھنے والی حالیہ کشیدگی پر سخت تشویش ہے ۔وزیراعظم نے مسلمانوں کے اتحاد کے وسیع تر مفاد کی خاطر بالخصوص مشکلات کے حالیہ عرصہ میں اختلافات کو پر امن طریقے سے حل کر نے کا کہا ہے ۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے مسلسل او آئی سی کے رکن ممالک کے مابین بھائی چارے کے فروغ کی پالیسی کی حمایت کی ہے ۔