ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ، اقوام متحدہ کا خیرمقدم

پابندیوں کا خاتمہ اہم سنگ میل ہے ، فریقین نے اس حوالے سے اپنے اپنے وعدوں کو پورا کیا ،بان کی مون

اتوار 17 جنوری 2016 17:18

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جنوری۔2016ء ) اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے اہم سنگ میل قرار دیا اور کہاکہ فریقین نے اس حوالے سے اپنے اپنے وعدوں کو پورا کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔

بان کی مون نے اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریقین نے اس حوالے سے اپنے اپنے وعدوں کو پورا کیا۔برطانوی وزیر ِ خارجہ فلپ ہومونڈ نے اسے مسلسل ڈپلومیسی کی فتح قرار دیا۔فرانسیسی وزیرِ خارجہ فرانک والٹر کا کہنا تھا کہ وہ خطے کے دیگر مسائل کے حل کے لیے ایران سے ایسے ہی ’تعاون کے جذبے‘ کی امید کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ امن اور استحکام کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

‘اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ایران ابھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنا چاہتا ہے۔واشنگٹن میں ایوان نمائندگان کے رپبلکن سپیکر پال رائن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے دنیا کی معروف ریاست اسے دہشت گردی کی معاونت کے طور پر استعمال کرے گی۔امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ جوہری توانائی کے نگران ادارے آئی اے ای اے کی جانب اس بات کی تصدیق کرنا کہ ایران نے جوہری معاہدے پر عملدرآمد کے لیے تمام اقدامات پورے کر لیے ہیں نے پوری دنیا کو محفوظ بنا دیا ہے۔