کالاشاہ کاکو،حفاظتی ٹیکے لگانے والی ٹیم کی غفلت سے دوماہ کانومولودبچہ جاں بحق،ماں پرغشی کے دورے اہل علاقہ کااحتجاجی مظاہرہ

اتوار 17 جنوری 2016 17:12

کالاشاہ کاکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جنوری۔2016ء)حفاظتی ٹیکے لگانے والی ٹیم کی غفلت سے دوماہ کانومولودبچہ جاں بحق،ماں پرغشی کے دورے اہل علاقہ کااحتجاجی مظاہرہ۔کالاشاہ کاکو کی نواحی بستی فیصل کالونی میں محکمہ صحت ضلع شیخوپورہ کی طرف سے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جارہے تھے کہ اسی دوران ٹیم نے محنت کش طاہرملک کے دوماہ کے نومولودبچے زین کو ایک ہی وقت میں تین انجکشن لگائے ہی تھے کہ بچہ ماں کی گودمیں تڑپنے لگااوردیکھتے ہی دیکھتے اسکی حالت بگڑگئی جسے دیکھ کرماں چیختی چلاتی ہوئی اسے اپنی گودمیں اٹھائے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال مریدکے کی جانب دوڑپڑی مگر وہ راستے میں ہی دم توڑگیا۔

ہلاکت کی خبرسن کرعلاقہ بھرمیں کہرام مچ گیاوالدین اپنے لخت جگرکی لاش دیکھ کر دھاڑیں مارمارکررونے لگے ۔

(جاری ہے)

جبکہ متوفی کی ماں غم سے نڈھال ہوکرسکتہ میں آگئی اوراس پرباربارغشی کے دورے پڑنے لگے۔بعدازاں اہل علاقہ نے محکمہ صحت کیخلاف شدیداحتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے بلاتاخیرفوری نوٹس کاپرزورمطالبہ کیا۔اس ضمن میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرتحصیل مریدکے کے ترجمان محمدجاویدنے اپنے موقف میں کہاہے کہ بچے کی ہلاکت ٹیکہ لگانے کی وجہ سے نہیں بلکہ نمونیابخارہونیکی وجہ سے ہوئی ہے اس میں حفاظتی ٹیکے لگانے والی ٹیم کاکوئی قصورنہیں۔