ایران پر امریکی پابندیاں ختم ہونے سے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر اہم پیش رفت کا امکان

منصوبے کی تعمیر پر عملدرآمد کے لیے بات چیت جلد شروع ہو گی

اتوار 17 جنوری 2016 17:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جنوری۔2016ء) ایران پر امریکی پابندیاں ختم ہونے سے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر اہم پیش رفت کا امکان ہے منصوبے کی تعمیر پر عملدرآمد کے لیے بات چیت جلد شروع ہو گی۔تفصیلات کے مطابق ایران پر امریکی پابندیاں ختم ہوئیں تو پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تعمیر کے امکانات بھی روشن ہو گئے۔

وزارت پیٹرولیم ذرائع نے بتایا کہ جلد ہی اس منصوبے کی تعمیر پر ایران سے بات چیت کا آغاز کیا جائیگا۔اس سلسلے میں وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی ایران کا دورہ کریں گے۔ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی تعمیر کا سنگ بنیاد سابق صدرآصف علی زرداری اورسابق ایرانی صدر احمدی نژاد نے چوبہار میں رکھا تھا ایران پہلے ہی اپنے حصے کی 11 سو 50 کلو میٹر گیس پائپ لائن تعمیر کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

پاک ایران سرحد سے 781 کلو میٹر لمبی گیس پائپ لائن نوابشاہ تک بچھائی جائیگی منصوبے پر پاکستانی حصے سے ایک ارب 50 لاکھ ڈالر لاگت آئیگی پاک ایران منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان کو 75 کروڑ مکعب فٹ گیس یومیہ حاصل ہو گی۔وزارت پیٹرولیم کے اعدادو شمار کے مطابق ایران سے درآمدکی جانے والی گیس کی قیمت تیرہ ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو طے کی گئی امپورٹڈ گیس پاکستان میں پانچ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے میں مدد دے گی منصوبے سے مجموعی طور پر 2 ارب13 کروڑ ڈالر کی بچت ہوگی۔