نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

سیریز ایک ایک سے برابر،مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کی ریکارڈ پارٹنرشپ،گپٹل نے 82 اور ولیمسن نے 71 ر نز بنائے

اتوار 17 جنوری 2016 16:20

ہملٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 جنوری۔2016ء) تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کی شاندار بلے بازی اور ریکارڈ پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز نیوزی لینڈ کے شہرہملٹن میں کھیلے جا نے والے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیاتو اوپنرز نے پاکستان کو مناسب آغاز فراہم کیا۔

پاکستان کو پہلا نقصان چوتھے اوور میں اس وقت ہوا جب احمد شہزاد 9رنز بنانے کے بعد کوری اینڈرسن کا شکابنے اورمحمد حفیظ سے بھی اپنے ساتھی کی جدائی زیادہ دیر برداشت نہ ہوئی اور 34 کے مجموعی اسکور پر 23 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

اس دوران پاکستان کا رن ریٹ سلو ہو گیا، شعیب ملک اور صہیب مقصود نے آٹھویں اوور کی دوسری گیند پر پاکستان کے 50 رنز مکمل کرائے لیکن 67 کے اسکور پر صہیب مقصود 18 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے جس کے بعد شعیب کا ساتھ نبھانے عمر اکمل پہنچے تو دونوں نے تیزی سے رنز بنانے شروع کیے اور 14ویں اوور میں ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

دونوں بلے بازوں نے تیزی سے کھیلتے ہوئے 16 اوور میں اسکور کو 127 تک پہنچا دیا لیکن 17ویں اوور میں شعیب ملک مچل میک کلینیگن کی وکٹ دے بیٹھے۔شاہد آفریدی نے آتے ہی ایک چھکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر دوسرا چھکا لگانے کی کوشش آوٴٹ ہو گئے۔تاہم دوسری طرف موجود عمر اکمل نے جارحانہ بلے بازی کی اور 22 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے ففٹی مکمل کی۔

عماد وسیم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے جبکہ سرفراز نے عمر کیلئے اپنی وکٹ کی قربانی دی۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 168 رنز بنائے، عمر اکمل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 56 رنز بنائے جس میں چار چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔168رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کسی بھی پاکستانی باوٴلر میں خاطر میں نہ لائے اور بہترین بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو دس وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے ناقابل شکست 171 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔گپٹل نے 82 اور ولیمسن نے 71 رنز بنائے۔واضح رہے کہ پاکستان کو تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیرز میں 0-1 سے برتری حاصل ہے۔خیال رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 171 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 155 رنز بنا کر 20اوورز میں آوٴٹ ہوئی یوں پاکستان 16 رنز سے فاتح بن گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :