شمالی کوریا کی جوہری تجربے بند کرنے کی مشروط پیشکش

امریکہ کے ساتھ معاہدے اور واشنگٹن اور سیول کی مشترکہ فوجی مشقیں ختم کرنے کے بدلے جوہری تجربات کرنا بند کر دیں گے ،ترجمان وزارت خارجہ واشنگٹن اپنے اتحادی جنوبی کوریا کے تحفظ اور جزیرہ نما میں سلامتی کے لیے پرعزم ہے،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

اتوار 17 جنوری 2016 15:10

پیانگ یانگ/ واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جنوری۔2016ء ) شمالی کوریا نے جوہری تجربے بند کرنے کی مشروط پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ ایک معاہدے اور واشنگٹن اور سیول کی مشترکہ فوجی مشقیں ختم کرنے کے بدلے جوہری تجربات کرنا بند کر دے گا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب بھی جزیرہ نما کوریا اور شمال مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام تجاویز قابل عمل ہیں جن میں یہ بھی شامل ہے کہ امریکہ سے امن معاہدے اور مشترکہ فوجی مشقیں ختم کرنے کے بدلے ہم اپنے جوہری تجربات کو بند کر دیں گے۔

شمالی کوریاکا کہنا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ ایک معاہدے اور واشنگٹن اور سیول کی مشترکہ فوجی مشقیں ختم کرنے کے بدلے جوہری تجربات کرنا بند کر دے گا۔

(جاری ہے)

ماضی میں پیانگ یانگ کی طرف سے کی گئی ایسی ہی پیشکشوں کو امریکہ اور جنوبی کوریا مسترد کر چکے ہیں۔ادھر امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ انھوں نے یہ پیشکش نہیں سنی جمہوریہ کوریا کے ساتھ ہماری بہت اہم اتحادی عزم موجود ہے جسے ہم بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اتحاد جنوبی کوریا کے عوام کے لیے ہر صورت تیار رہے ان کے تحفظ اور جزیرہ نما کوریا میں سلامتی کے لیے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے رواں ماہ کے اوائل میں اپنا چوتھا جوہری تجربہ کیا تھا جس کے خلاف عالمی برادری کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا۔یہ جوہری تجربہ ہفتہ کو امریکی نائب وزیر خارجہ ٹونی بلنکن کی جنوبی کوریا کے نائب وزیرخارجہ لم سنگ نام سے ہونے والی ملاقات میں گفتگو کا محور رہا۔