افغانستان ،نیٹو کے ڈرون حملے اور سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے 17 ، طالبان کے 42 جنگجو ہلاک

غزنی میں لڑکی سے زیادتی کی کوشش کے دوران 2 طالبان کمانڈروں سمیت 3 جنگجو قتل ننگرہار کے ضلع دیہہ بالا میں نیٹوفورسز نے ڈرون حملوں میں داعش کے 8 ٹھکانوں کونشانہ بنایا،قندھار کے ضلع میوند میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 42 طالبان ہلاک ، 2 زخمی ہوگئے،اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ،وزارت دفاع کا بیان

اتوار 17 جنوری 2016 15:09

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جنوری۔2016ء ) افغانستان میں نیٹو کے ڈرون حملے اور سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے 17 جنگجو اور 42 طالبان ہلاک ہوگئے جبکہ غزنی میں ایک لڑکی سے زیادتی کی کوشش کے دوران 2 طالبان کمانڈروں سمیت 3 جنگجوؤں کو قتل کردیا گیا ۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع دیہہ بالا میں نیٹوفورسز نے ڈرون حملوں میں داعش کے 8 ٹھکانوں کونشانہ بنایا۔

حملوں میں 17 جنگجو ہلاک ہوگئے ۔اتحادی فورسز کی جانب سے ننگرہار صوبے میں کئی ہفتوں سے ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں داعش کے کئی جنگجو مارے جاچکے ہیں۔جمعہ کو ضلع آچن میں ڈرون حملے میں داعش کے اہم رہنما سمیت متعدد جنگجو مارے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

ادھر جنوبی صوبہ قندھار میں افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 42 طالبان جنگجو ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ۔

قندھار میں اٹل 205آرمی کور کے لیفٹننٹ محمد محسن سلطانی کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آپریشن ضلع میوند میں کیاجس میں 42 جنگجو مارے گئے جبکہ 2 زخمی ہوگئے ۔سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا۔دوسری جانب جنوب مشرقی صوبہ غزنی میں ایک لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے دوران 2 طالبان کمانڈروں سمیت 3 جنگجوہلاک ہوگئے۔

صوبائی پولیس کے ترجمان جنرل امین اللہ عامر خیل نے بتایا ہے کہ مارے جانے والے طالبان کمانڈورں کی شناخت سرحدی اور نذر کے نام سے ہوئی ہے ۔انکا کہنا تھاکہ سیکورٹی فورسز واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں تاہم ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ طالبان جنگجو ؤں کو ایک لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کے بعد ہلاک کیا گیا۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ طالبان نے ضلع اندار کے علاقے شنان میں واقعے کے بعد لڑکی کے بھائی کو اغواء کرلیا ہے ۔

قبل ازیں صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں صوبائی کونسل کے رکن کے گھر پر خودکش حملے میں 13 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے ،صوبائی پولیس کے ترجمان عطااللہ کھوگیانی کا کہنا ہے کہ خود کش دھماکہ صبح کے وقت صوبائی کونسل کے رکن عبیداللہ شنواری کے گھر پر گیا جس میں 13 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے ۔حکام کاکہنا ہے کہ خودکش حملہ اس وقت کیا گیا9ما ہ بعد جب طالبان کے ہاتھوں شنواری برادرز کی رہائی کی خوشی میں قبائلی عمائدین بڑی تعداد میں جمع تھے کہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ خودکش حملے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں، زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔