این اے 218مٹیاری کم حیدرآباد کا ضمنی انتخاب (کل) ہوگا تمام تیاری مکمل کرلی گئی

امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کے علاوہ رینجرز بھی ہو گی

اتوار 17 جنوری 2016 14:04

حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جنوری۔2016ء) این اے 218مٹیاری کم حیدرآباد کا ضمنی انتخاب (کل) پیر کو ہو گا جس کی تیاری مکمل کر لی گئی، پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ رکن قومی اسمبلی مخدوم امین فہیم کے انتقال کے بعد خالی ہو نے والی نشست این اے 218پر ضمنی انتخاب پیر 18 جنوری کو ہو گا، مذکورہ نشست پر کل 3 لاکھ 8 ہزار 398 ووٹرز ہیں جن میں ایک لاکھ 62 ہزار 183 مرد اور ایک لاکھ 46ہزار215خواتین ووٹرز ہیں حلقہ میں کل 280پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں 850 پولنگ بوتھ ہو نگے جن کیلئے میں 280 پریذائیڈنگ آفیسرز، 850 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر 850 پولنگ آفیسرز بنائے گئے ہیں جبکہ نائب قاصد50رکھے گئے ہیں پولنگ کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کے علاوہ رینجرز بھی ہو گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہسابق وزیراعلی سندھ غلام ارباب رحیم نے 2005 میں انتطامی بنیادوں پر حیدرآباد کو تقسیم کرکے نئے ضلع کو مٹیاری کا نام دیا۔ ضلع مٹیاری تین تحصیلوں ہالا، سعید آباد اور مٹیاری پر مشتمل ہے۔ جس کا کل رقبہ 1417 مربع کلومیٹر ہے جس کی کل آبادی تقریبا ساڑھے پانچ لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔مٹیاری کی سرحدیں شمال میں نواب شاہ، جنوب میں حیدرآباد، مشرق میں سانگھڑ اور ٹنڈو الہ یار جبکہ مغرب میں دریائے سندھ سے ملتی ہیں۔ جس کے پار ضلع جامشورو واقع ہے۔

متعلقہ عنوان :