اسلامی تعاون کی تنظیم کے وزراء خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس21جنوری کو جدہ میں ہوگا

اجلاس میں تہران میں سعودی سفارتخانہ اورمشہد میں قونصل خانے پرحملے کا معاملہ اٹھایا جائے گا

اتوار 17 جنوری 2016 14:03

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جنوری۔2016ء) اسلامی تعاون کی تنظیم (اوآئی سی) کے وزراء خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس21جنوری کو جدہ میں ہوگا۔ سعودی اخبارکی رپورٹ کے مطابق او آئی سی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ تنظیم کے وزراء خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس 21 جنوری کو سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں واقع تنظیم کے ہیڈ کوارٹرمیں منعقد ہو گا۔

(جاری ہے)

اس اجلاس میں تہران میں سعودی سفارتخانہ اورمشہد میں قونصل خانے پرحملے کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ یہ اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے وزراء خارجہ کے غیرمعمولی اجلاس کے انعقاد کیلئے درخواست دی جس کے بعد اس درخواست پر غورکیا گیا اور زیادہ تر رکن ممالک نے وزراء خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس طلب کرنے کی حمایت کی ۔ وزراء خارجہ کے اجلاس کے بعد تنظیم کے سفارتکاروں کا ایک اجلاس بھی منعقد ہوگا۔