بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول ہیرو سے زیرو ہوگئے،پٹھان کوٹ حملے نے حقیقت بیان کر دی

اتوار 17 جنوری 2016 13:51

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جنوری۔2016ء ) بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول ہیرو سے زیرو ہوگئے،پٹھان کوٹ حملے نے حقیقت بیان کر دی کہ وہ اتنے قابل نہیں تھے جتنے دکھائی دیتے رہے بلکہ وہ زیادہ بہتر اداکار تھے۔اجیت دوول نے آئی پی ایس آفیسر کی حیثیت سے کیئرئر کا آغاز کیا تو قسمت کی دیوی ان پر مہربان رہی۔ اور کیئرئر کے اختتام تک ان کے کارناموں کی ناختم ہونے والی فہرست تیار ہوگئی۔

شاید بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اسی وجہ سے ان کے پرستار ہو گئے اور دوول کو قومی سلامی کا مشیر مقرر کر دیا۔ لیکن پٹھانکوٹ کے ایک واقعے نے سب کو سوچنے پر مجبور کردیا کہ یہ وہی اجیت دوول ہے جو ہندوستان میں سراغرسانی کی دنیا کا شاطر انسان سمجھا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

بھارتی قومی سلامی کے مشیر اجیت دوول کے اب اتنے کارنامے نہیں جتنے پٹھانکوٹ واقعے میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انیس سے اکہتر سے انیس سو ننانوے تک اغوا ہونیوالے پندرہ بھارتی طیاروں کی بات چیت میں دوول ہی مرکزی کردار رہے ، ان میں انیس سو ننانوے میں ہائی جیکنگ کا مشہور کیس بھی شامل ہے۔ فہم و فراست رکھنے والے دوول یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ قبل از وقت تمام اطلاعات کے باوجود ناکامی کا ذمہ دار کون ہے۔ اجیت دوول سکھوں کے خلاف آپریشن بلیو اسٹار اور بلیک تھنڈر کے ہیرو مانے جاتے ہیں۔

لیکن پٹھانکوٹ میں ان کا دماغ بند ہو گیا اور صرف چھ حملہ آوروں نے تگنی کا ناچ نچا دیا۔ کشمیر میں حریت پسندوں کے خلاف آپریشن اور انیس سو چھیانوے میں کشمیر انتخابات کا سہرا بھی انہیں کے سر باندھا جاتا ہے۔ اور اب پٹھانکوٹ واقعے میں نااہلی، بدنظمی اور غلط فیصلوں کا سہرا بھی انہی کے سر باندھا جائے گا۔ اجیت دوول پٹھانکوٹ واقعے میں اپنی نااہلی کا اعتراف کریں یا اعلان کریں کہ یہ سب را کا تیار کردہ ڈرامہ تھا۔