وزارت ہاؤسنگ کا کم آمدن والے بے گھر افراد بارے 5لاکھ مکانات کی تعمیرکیلئے ابتدائی پلاننگ اور ورک مکمل

سیکٹرآئی12میں کم آمدن والے افراد کے لئے اپارٹمنٹس کی تیاری کیلئے منصوبہ بندی کا آغاز، اپارٹمنٹس میں50فیصد کوٹہ گریڈ1سے16کے ملازمین کیلئے اور50فیصد کوٹہ عوام کیلئے مختص کیا گیا

اتوار 17 جنوری 2016 13:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جنوری۔2016ء)وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی ہدایت پر وزارت ہاؤسنگ نے کم آمدن والے بے گھر افراد کیلئے کم لاگت کے5لاکھ مکانات کی تعمیرکیلئے ابتدائی پلاننگ ورک اور ڈیزائن ورک مکمل کرلیا،اسلام آباد کے سیکٹرآئی12میں بھی کم آمدن والے افراد کے لئے اپارٹمنٹس کی تیاری کیلئے منصوبہ بندی کا آغازکردیاگیا،ان اپارٹمنٹس میں50فیصد کوٹہ گریڈ1سے16کے ملازمین کیلئے اور50فیصد کوٹہ عوام کیلئے مختص کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

وزارت ہاؤسنگ کی ایک سرکاری دستاویز کے مطابق نیشنل ہاؤسنگ اتھارٹی نے وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر ملک میں کم آمدن رکھنے والے بے گھر افراد کیلئے اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں1ہزار کالونیوں کی تعمیر کیلئے ابتدائی منصوبہ بندی اورہاؤسنگ ڈیزائن مکمل کرلیا ہے،اس مقصد کے لئے صوبوں نے وزارت ہاؤسنگ کو مفت یابہت قلیل نرخوں پر اراضی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،ہرکالونی500گھروں پر مشتمل ہوگی کم آمدن والے بے گھر افرادکے کوائف کی تصدیق متعلقہ ڈی سی اوز کے ذریعے کی جائے گی،دستاویز کے مطابق پی ایچ اے فاؤنڈیشن نے اسلام آباد کے سیکٹرای12میں بھی گریڈ16تک کے سرکاری ملازمین اورعام عوام کیلئے اپارٹمنٹس کی تعمیر کی منصوبہ بندی بھی شروع کردی ہے،ابتدائی پلاننگ اورڈیزائن آئندہ دو ماہ میں تیارکرلیا جائے گاجبکہ سیکٹر آئی16میں بھی گریڈ16تک کے ملازمین اورعام عوام کیلئے450اپارٹمنٹس تعمیر کیے جارہے ہیں جن کی تعمیر3سال کے اندر مکمل کرلی جائے گی۔