اقوام متحدہ کا ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے پر عملدرآمد کا خیر مقدم

علاقائی امن ، سیکیورٹی اور استحکام کیلئے علاقائی اورعالمی تعاون میں اضافہ ہوگا،بان کی مون

اتوار 17 جنوری 2016 13:37

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 جنوری۔2016ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے پر عملدرآمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے خطے میں امن اور استحکام میں اضافہ ہو گا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں بان کی مون نے کہا کہ فریقین نے جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنے اپنے وعدوں کو پورا کیا۔

عالمی ادارے کے سربراہ کا بیان اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایران نے جوہری تنازعہ کے حل کیلئے طے پانے والے جوہری معاہدے کی روشنی میں تمام ضروری اقدامات مکمل کرلئے ہیں۔ یہ رپورٹ جوہری معائنہ کاروں کی تصدیق کے بعد جوہری توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

بان کی مون نے اپنے بیان میں فریقین کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہرکی کہ فریقین آئندہ برسوں میں بھی جائنٹ کمپری ہینسیو پلان آف ایکشن پرعملدرآمد جاری رکھیں گے ۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ اس کامیابی سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ عالمی تنازعات کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعہ بہتر انداز میں حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ اس معاہدے سے علاقائی امن ، سیکیورٹی اور استحکام کیلئے علاقائی اورعالمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔