راہداری منصوبے پرکرائی گئی یقین دہانیوں پر عمل نہ کیا گیا تو آئندہ ماہ انتہائی سخت اور واضح لائحہ عمل کا اعلان کیاجائیگا، سپیکر کے عہدے ، اختیارات اور سیاست کی بھی قربانی دینا پڑی تو پرواہ نہیں کریں گے ، صوبے کے حقوق پر ہرگز سودے بازی نہیں کرینگے

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرکاصوابی میں ورکرز کنونشن کے موقع پر اجتماع سے خطاب

ہفتہ 16 جنوری 2016 20:54

راہداری منصوبے پرکرائی گئی یقین دہانیوں پر عمل نہ کیا گیا تو آئندہ ..

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء ) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرنے واضح کیاہے کہ راہداری منصوبے پر دی گئی یقین دہانیوں پر عمل نہ کیا گیا تو فروری میں انتہائی سخت اور واضح لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ وہ ہفتہ کو ڈاگئے صوابی میں ورکرز کنونشن کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔سنیئر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی ، پی ٹی آئی کے صوبائی آرگنائزر فضل محمد خان ، ایم این اے عثمان خان ترکئی، بلند خان ترکئی ، حاجی رنگیز خان، انور حقداد خان، ڈاکٹر فضل الہٰی طوفان ، یوسف علی مدثر نظر ، فدا محمداور ظہور باچہ کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

سپیکر اسدقیصر نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ راہداری منصوبے پر انہیں اگر سپیکر کے عہدے ، اختیارات اور سیاست کی بھی قربانی دینا پڑی تو وہ اس کی بھی پرواہ نہیں کریں گے اور وہ اس کے لئے بھی تیار ہیں انہوں نے کہا کہ راہداری منصوبے پر اگر وفاقی حکومت کے رویے میں تبدیلی نہ دیکھی تو فروری میں آل پارٹیز کانفرنس بلا کر تمام جماعتوں کی مشاورت سے ایک متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا انہوں نے نے کہا کہ صوبے کے حقوق پر ہرگز سودہ بازی نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں ایسے بیس منصوبے شروع کئے جائیں تو ہمیں اس پر اعتراض نہیں مگر ہم اپنے منہ کا نوالہ کسی کو زبردستی چیننے کی اجازت نہیں دے سکتے اور اس کے لئے ہر قربانی کے لئے تیار ہیں انہوں نے راہداری منصوبے پر پی ٹی آئی کے موقف کی تائید پر دیگر سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا ۔سینئر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے کہا کہ رشوت ، سفارش ، اقربہ پروری ، ایزی لوڈ اور ایس ایم ایس سمیت ہر قسم کی ناانصافیوں کے دور کا خاتمہ ہوگیا ہے اور اب ہرکام شفاف انداز میں انجام دیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ اب سب کا احتساب ہوگا اور اب انصاف کا بول بالا ہوگا انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں بھرتیاں میرٹ اور این ٹی ایس پر ہورہی ہیں ۔

صوبائی آرگنائزر پی ٹی آئی فضل محمد خان نے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک کے آئندہ کے وزیراعظم ہونگے انہوں نے کہا کہ عمران خان فیصلہ سازی میں عام کارکنوں سے بھی مشاورت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک خاندان کی مانند ہے جبکہ پارٹی ورکر ز ہمارا سرمایہ اور اثاثہ ہیں فضل محمد خان نے کہا کہ پارٹی ورکروں کے گلے شکوے دور کئے جائیں گے انہوں نے واضح کیا کہ پٹھانوں کے حقوق غصب نہیں ہونے دیئے جائیں گے انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ایٹرا پارٹی انتخابات میں مخلص اور بے لوث کارکنوں کو منتخب کریں انہوں نے ڈاکٹر فضل الہٰی کو طوفان کا خطاب دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ انہیں اس نام سے پکارا جائے ۔

عثمان خان ترکئی اور بلند خان ترکئی نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور انہیں دلکش نعروں سے ورغلایا نہیں جاسکتا انہوں نے صوبائی حقوق کی جنگ میں وزیراعلیٰ پرویزخٹک اور سپیکر اسدقیصر کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کارکن رکنیت سازی پر بھرپور توجہ دیں اور پارٹی کو فعال بنانے میں آپس میں روابط رکھیں۔دیگر مقررین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی روایتی سیاست دم توڑ چکی ہے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھرتیوں اور تبادلوں میں روپے پیسے کا کمال تھا انہوں نے عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت پر اعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی تیزی سے عوام میں جھڑیں پکڑ رہی ہیں انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکروں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :