پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک سے مالی معاونت حاصل ہو گی،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے فوائد پورے خطے کو منتقل ہونگے

سے گفتگو اسحا ق ڈارکی اے آئی آئی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخاب کیلئے منعقد ہ اجلاس میں شرکت

ہفتہ 16 جنوری 2016 20:53

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی ہے کہ چین کی قیادت میں قائم ہونے والے ایشین انفراسٹرکچرانویسٹمنٹ بینک سے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے مزید مالی معاونت حاصل ہوگی،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے فوائد پورے خطے کو منتقل ہونگے ۔وہ ہفتہ کو ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر چینی میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

اس دوران انہوں نے نئے مالی ادارے کی پاکستان کیلئے اہمیت سمیت سرمایہ کاری اور معیشت کے حوالے سے پاکستان اورچین کے مابین باہمی تعلقات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ نے پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے کہا کہ اس عظیم منصوبے کے فوائد پورے خطے کو منتقل ہونگے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بینک کو ہمیشہ تعاون جاری رہے گااورانہیں امید ہے کہ دوسرے مالیاتی بینکس کے ساتھ ملکر بہترین کام کیاجائیگا،خطاب کے بعد وفاقی وزیرخزانہ نے چینی میڈیا سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ابتدائی طورپر کچھ ممالک نئے مالی ادارے کے کردار کے حوالے سے واضح نہیں تھے تاہم پاکستان کو پہلے دن سے پختہ یقین تھا کہ یہ بینک اہم کردار ادارکرے گا اور اس کے قیام کے بعد یہ سب حقیقت بن چکاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بینک کے قیام سے خطے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی کیلئے طلب اورضروریات کے حوالے سے سرمایہ کی فراہمی کاخلا پورا ہوسکے گاجو کہ ایک شاندار قدم ہے،انہوں نے کہا کہ بینک کی جانب سے رواں سال کے پہلے حصے میں متعدد منصوبوں پر کام بھی کیا جائے گا اوراگر پاکسان میں پہلے حصے کے تحت سرمایہ کاری ہوئی تو ترجیحی بنیادوں پر ہائیڈرو الیکڑک ڈیمز اور آبی وسائل ہونگے۔

وفاقی وزیرخزانہ نے بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے انتخاب کے حوالے سے ہونیوالے سیشن میں بھی شرکت کی، پاکستان ان28ممالک میں شامل ہے جو بورڈ آف ڈائریکٹر کا انتخاب کرتے ہیں۔وفاقی وزیرخزانہ بیجنگ میں قیام کے دوران عالمی مالیاتی اداروں اور بینکوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے،بینک25دسمبر2015کو باضابطہ طورپر قائم ہواتھا جس کے57ممالک رکن ہیں،چین کے وزیرخزانہ لوجیوی کو بینک کی کونسل کے چیئرمین جبکہ جن لی چن پہلے صدر منتخب ہوئے ہیں،چین کے وزیرخزانہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینک کا قیام عالمی معاشی نظام کیلئے ایک شاندار قدم ہے ۔

متعلقہ عنوان :