عدلیہ اور بار کا چولی دامن کا تعلق ہے،وزیرخزانہ

حکومت عوام کو جلد انصاف کی فراہمی کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے

ہفتہ 16 جنوری 2016 20:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیرِ خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عدلیہ اور بار کا چولی دامن کا تعلق ہے اور ان کی اجتماعی کوششوں سے جلد اورسستے انصاف کی فراہمی میں مدد ملتی ہے اس لئے وکلاء عوام کو جلد اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے عدلیہ سے بھرپور تعاون کریں اور اس سلسلے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے سے نا انصافی ، اقرباء پروری کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور کر دار ادا کریں ۔

وہ ہفتے کے روز جوڈیشیل کمپلیکس بنوں میں اسلامک لائرز فورم کے زیرِ اہتمام وکلاء کنونشن سے خطا ب کر رہے تھے اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار بنوں ، ڈی آئی خان، لکی مروت اور کر ک کے صدور اور اسلامک لائرز فورم کے وکلاء نے بھر پور شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت عوام کو جلد انصاف کی فراہمی کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے اس مقصد کے حصول کیلئے عدلیہ کو تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہے تا کہ جج صاحبان کواپنے فرائض کی سرانجامی میں کوئی مشکلات پیش نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامک لائرز فورم اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں مظفر سید ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی صوبائی اور مرکزی قیادت ملک میں اسلامی انقلا ب کیلئے تمام تر وسائل اور کوششیں بروئے کار لارہی ہے۔پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کررہی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستا ن ایک اسلامی اور فلاحی مملکت بن جائے گا ۔

انہوں نے اس موقع اسلامک لائرز فورم کی فلاح و بہبود اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بنوں کیلئے تیس لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتا ق احمد خان اور مرکزی رہنما پروفیسر محمد ابراہیم خان نے بھی خطا ب کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کی کاوشوں کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے کوششیں کر رہی ہیں۔