مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کا نفاذ قابل مذمت ہے، عالمی برادری بھارت کا اصل چہرہ دیکھ لے، چودھری عبدالمجید

ہفتہ 16 جنوری 2016 15:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی بھارت کا اصل چہرہ دیکھ لیں۔اس نے سیکولرازم کا نقاب اووڑھ رکھا ہے اور نام نہاد جمہوریت نے ریاستی دہشتگردی کے ذریعے ریاستی عوام کے حقوق غصب کر رکھے ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق غصب کر نے سے باز رکھے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت ایک عالمی دہشتگرد ہے۔ جس نے آٹھ لاکھ پیرا ملٹری فورسز اور رسوائے زمانہ قوانین کی آڑ میں کشمیریوں کی منظم نسل کشی شروع کر رکھی ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی بھگڑتی ہوئی صورتحال مہذب دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام بندکرائیں اور مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی عوام کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی دلائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کرنے کیلئے جو جدوجہد شروع کر رکھی ہے بھارت کے انتہاء پسند حکمرانوں کے منفی ہتھکنڈے اس جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ ہیں۔ریاستی عوام کو اب جارحانہ اقدامات اور ریاستی ہتھکنڈوں کے ذریعے منزل سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔