پاکستان اقوام متحدہ میں داعش کو انسانیت کا دشمن قرردینے کی قرارداد پیش کرے ‘ رحمان ملک

ہفتہ 16 جنوری 2016 14:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے وزیر اعظم نواز شریف کے نام لکھے خط میں کہا ہے کہ داعش امت مسلمہ کوفرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کے منصوبے پرعمل پیرا ہے اس لئے پاکستان اقوام متحدہ میں داعش کیخلاف قرارداد لے کر آئے۔اپنے خط میں رحمان ملک نے کہا کہ ایران اورسعودی عرب کشیدگی کی وجہ اسلام دشمن قوتیں ہیں، سعودی عرب ایران کشیدگی سے فرقہ واریت بڑھے گی، اس تنازع سے فائدہ داعش کو ہوگا ‘ پاکستان دونوں اسلامی ممالک کومذاکرات کی میز پر لیکرآئے۔

(جاری ہے)

رحمان ملک نے اپنے خط میں لکھا کہ داعش امت مسلمہ کوفرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کے منصوبے پرعمل پیرا ہے، داعش کو انسانیت ک ادشمن قرار دلانے کیلئے اقوام متحدہ سے رابطہ کیاجائے اس سلسلے میں پاکستان اقوام متحدہ میں داعش کیخلاف قرارداد لے کر آئے۔انہوں نے پارلیمانی رہنماوٴں کا ایک وفد ایران اور سعودی عرب بھجوانے کی تجویز دی اور کہا کہ یہ وفد سعودی فرمانروا اور ایرانی صدر سے ملاقاتیں کر کے انہیں بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے پر قائل کرے تاکہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کرانے کیلئے راہ ہموار ہو۔