اقتصادی راہداری کے حوالے سے تمام غلط فہمیاں دور کردی گئی ہیں ‘منصوبے سے تمام صوبے مستفید ہوں گے ‘ احسن اقبال

ہفتہ 16 جنوری 2016 14:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے تمام غلط فہمیاں دور کردی گئی ہیں ‘منصوبے سے تمام صوبے مستفید ہوں گے ‘ سی پیک منصوبے کے تحت صنعتی زونز اور پارکس پر چاروں وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کے بعد کام کا آغاز کیا جائے گا۔ ایک انٹرویو میں احسن اقبال نے کہاکہ سی پیک منصوبے سے پمساندہ علاقوں کو زیادہ فائدہ پہنچے گا وفاقی وزیر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی قیادت میں ایک کمیٹی بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ چیئرمین پارلیمانی کمیٹی بھی ہوں گے تاکہ پوری قیادت مل کر مستقبل میں اگر اس منصوبے پر کوئی تحفظات ہوں تو اسے حل کرسکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف نے این ایچ اے کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ مغربی روٹ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے جتنے بھی فنڈز درکار ہوں وہ مہیا کئے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت صنعتی زونز اور پارکس پر بھی چاروں وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کے بعد کام کا آغاز کیا جائے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں توانائی کے منصوبوں پر خصوسی توجہ دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے میں آنے والے وقتوں میں کئی سو ارب کی مزید سرمایہ کاری بھی ہوگی۔ گوادر سہراب روڈ کو اسی سال مکمل کرلیں گے ‘4 رویہ لین اڑھائی سال میں مکمل ہوگی جسے پاکستان اپنے وسائل سے بنا رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 46 ارب ڈالر کی رقم کوئی غیر ملکی امداد نہیں وہ چین کی ہمارے ملک میں سرمایہ کاری ہے جو ہمارے ملک کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔

چینی سرمایہ کاری سے ملک کے چاروں صوبے مستفید ہوں گے ‘ملک کی ترقی و خوشحالی بھی ہماری ترجیح ہے۔ پنجاب کے اورنج لائن منصوبے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب حکومت اپنے خزانے سے بنا رہی ہے،اس میں ایک پیسہ بھی وفاقی کا نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :