پاک بھارت وزرائے اعظم دہشتگردی سے لڑنے کیلئے پرعزم ہیں ‘ دونوں ممالک مذاکرات جاری رکھیں،امریکہ

ہفتہ 16 جنوری 2016 14:03

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ حملے کے بعد پاک بھارت وزرائے اعظم نے دہشت گردی سے لڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے ‘ دونوں ممالک مذاکرات کاعمل جاری رکھیں ‘دہشت گردوں کا مقصد قومی قیادت کے درمیان تعاون میں شکوک پیدا کرنا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کا دہشت گردی کے خلاف عزم خوش آئند ہے اور امریکا بھی پاکستان اور بھارت سے اسی نوعیت کے عزم کی توقع رکھتا ہے۔

ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہاکہ امریکا پاک بھارت مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور دونوں ہمسایہ ممالک دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لئے اقدامات تلاش کریں۔

(جاری ہے)

جان کربی نے کہاکہ دہشت گردوں کا مقصد قومی قیادت کے درمیان تعاون میں شکوک و شبہات پیدا کرنا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کا عمل مشکوک نہ ہو۔ترجمان نے اس بات سے اتفاق کیا کہ باہمی مذاکرات کے مخالف ‘دہشت گرد گروہ، ضرور یہ چاہیں گے کہ اِس راہ سے بھٹکائیں۔اْنھوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہ یہی کوشش کریں گے کہ شکوک و شبہات پھیلیں اورمکالمے کا عمل آگے نہ بڑھے۔جان کربی نے کہا کہ ہمیں اس بات سے حوصلہ ملا ہے کہ دونوں ہمسائے مکالمے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :