پاکستان اقوام متحدہ میں داعش کو انسانیت کا دشمن قراردینے کی قرارداد پیش کرے، سعودی عرب، ایران کشیدگی کا فائدہ داعش کو ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی وجہ اسلام دشمن قوتیں ہیں، پاکستان دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لے کر آئے، پاکستان سے پارلیمنٹیرینز کا اعلیٰ وفد سعودی عرب اور ایران بھیجا کر تنازعہ کا پرامن حل نکالا جائے

سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کا سعودی عرب، ایران تنازعہ کے حوالے سے وزیر اعظم کو خط

ہفتہ 16 جنوری 2016 13:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء) سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے سعودی عرب، ایران تنازعہ کے حوالے سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پاکستان دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لے کر آئے۔رحمان ملک کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کی کشیدگی سے خطے میں فرقہ واریت بڑھے گی جس کا فائدہ داعش کو ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی وجہ اسلام دشمن قوتیں ہیں۔

داعش مسلم امہ کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لے کر آئے۔خط میں کہا گیا ہے کہ داعش کو انسانیت کا دشمن قرار دلوانے کیلئے اقوام متحدہ سے رابطہ کیا جائے اورپاکستان اقوام متحدہ میں داعش کیخلاف قرار داد لے کر آئے۔ رحمان ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سے پارلیمنٹیرینز کا اعلیٰ وفد سعودی عرب اور ایران بھیجا جائے اور تنازعہ کا پرامن حل نکالا جائے۔ پارلیمانی وفد وزیر اعظم کی طرف سے سعودی بادشاہ اور ایرانی صدر سے بات کرے اور پارلیمانی وفد سعو دی عرب اورا یران کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بلانے کی پیشکش کرے ۔ ان اقدامات سے سعودی عرب اور ایران میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔