فلسطینی تاجروں کے اسرائیلی کاروباری شخصیات سے روابط کا انکشاف،اسرائیلی میڈیا نے خفیہ ملاقات کا بھانڈہ پھوڑ دیا

ہفتہ 16 جنوری 2016 12:01

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) اسرائیلی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ بعض فلسطینی تاجروں کے اسرائیلی کاروباری شخصیات کیساتھ گہرے تعلقات ہیں اور وہ آپس میں تجارتی نوعیت کے معاہدے بھی کرتے ہیں ۔اسرائیلی عبرانی میڈیا نے اسرائیل نواز فلسطینی تاجروں اور اسرائیلی سرمایہ کاروں کے درمیان ہونیوالے روابط کا بھانڈہ پھوڑا ہے اور بتایا ہے کہ حال ہی میں فلسطینی سرمایہ کاروں کے وفد کی اسرائیل کی سرکردہ کاروباری شخصیت رامی لیوی سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

ویب سائٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی تاجروں نے اسرائیلی کاروباری شخصیت مسٹرلیوی سے ملاقات کے دوران شمالی بیت المقدس میں ایک مشترکہ تجارتی مرکز کے قیام کیلئے اراضی خریدنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

’وللا‘کی رپورٹ کے مطابق شمالی بیت المقدس میں فلسطینی تاجروں رامی لیوی نے ملکر تجارتی مرکز قائم کیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا تجارتی مرکز ہے جس میں رام اللہ اور شمالی بیت المقدس کو باہم مربوط کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اس تجارتی مرکز میں فلسطینی اور اسرائیلی سرمایہ کاروں نے 50.7 ملین ڈالر سے زیادہ کی رقم کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ رامی لیوی نے تجارتی مرکز میں 20 دونم کی اضافی جگہ رام اللہ کے تاجروں کی مصنوعات کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق فلسطینی اور اسرائیلی تاجروں کے اشتراک سے قائم کردہ یہ کاروباری مرکز بیت المقدس میں شہید فیصل الحسینی فٹبال سٹیڈیم سے محض 300 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔