پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے غربت اورجہالت کو دور کرنا ہوگا ، یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کیلئے ادارے قائم کرنا ریاست کا کام ہے، خیبرپختون خوا میں وزارت خزانہ کا عہدہ سنبھالنے کے پہلے بجٹ میں بچوں کو مفت کتابیں فراہم کرنے کا اعلان کیاتھا ، یتیم بچوں کی کفالت جہاد ہے

جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کاپا کستان سویٹ ہوم کے دورہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعہ 15 جنوری 2016 21:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے جہالت اور غربت کو دور کرنا ہوگا ،ریاستی اداروں کو کام ہے کہ وہ یتیم اور بے سہارہ بچوں کی کفالت کے لئے ادارے قائم کرے ،صوبہ خیبرپختون خوا میں وزارت خزانہ کا چارج لینے کے پہلے بجٹ میں بچوں کو مفت کتابیں فراہم کرنے کے لئے اعلان کیا تاکہ غریب بچے تعلیم سے محروم نہ رہ سکیں ۔

وہ جمعہ کو پاکستان سویٹ ہوم کے دورہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کو سویٹ ہوم پہنچنے سویٹ ہوم کے بچوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔اور انہیں بعد میں سویٹ ہومز کے بچیوں اور بچوں کے ہوسٹل کا دورہ کرایا گیا ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے بچوں سے اپنے خطاب میں کہاکہ ان کا تعلق بھی ایک غریب خاندان سے تھا ،جب وہ اسلامی یونیورسٹی میں داخلے لینے آئے تو جیب میں پیسے نہ ہونے کی وجہ سے رات کو قصائی کی دکان کے باہر لکڑی کے پھٹے پر کھلے آسمان تلے گزاری،جبکہ جب وہ ایم پی اے کا الیکشن لڑے تو لوگوں نے ان کی کمپین کی ۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال جب وہ اسلام آباد آئے تو انہوں نے ایک بینر پر سویٹ ہوم کے ان ننھے فرشتوں کے بارے میں پڑھا تھا ۔تو اس دن سے میری خواہش تھی کہ میں زمین پر موجود ننھے فرشتوں سے ملاقات کروں اور آج میرے یہ خواہش پوری ہوگئی ہے ،انہوں نے کہاکہ آج کا دن میرے لئے ناقابل فراموش لمحہ ہے ،انہوں نے سویٹ ہوم کے بچوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ وہ عام سے پاکستانی ہیں پاک افغان باڈر پر ان کا گھر ہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سب سے زیادہ کام سویٹ ہومز کے بچوں کے لئے کرنے کی ہے ،جماعت اسلامی کی 34ہزار اراکین نے انہیں امیر منتخب کیا ،جماعت اسلامی واحد جماعت ہے کہ وہ کسی کو بھی امیر منتخب کرسکتی ہے ،پاکستان کی خواتین باہمت اور بہادر ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جہالت اور غربت کی وجہ سے دہشت گردی ہورہی ہے اس لئے ملک میں جہالت اور غربت کو دور کرکے دہشت گردی کا خاتمہ کیاجاسکتا ہے ،ایک یتیم بچے کی کفالت کرنا ایک جہاد ہے ۔

قبل ازیں پاکستان سویٹ ہومز کے سربراہ زمرد خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان سویٹ ہوم کا آغاز آج سے ساڑھے پانچ سال قبل سوات اپریشن کے متاثرین ایک یتیم بچے سے کیا آج ملک میں سویٹ ہومز کی تعداد 32اور ننھے فرشتوں کی تعداد 36 سو ہے ،ٹیم ورک کے تحت سویٹ ہومز کو چلا رہے ہیں تمام سیاسی جماعتیں اس سلسلے میں ہمارے ساتھ تعاون کررہی ہیں ۔میں نے اپنی زندگی ان بچوں کے لئے وقف کردی ہے ،سویٹ ہومز میں چار سال سے چھ سال کے یتیم بچوں کو سہارا دیا جاتا ہے ۔اس موقع پر سویٹ ہوم کے بچوں نے ملکی حالات کے پیش نظر تقاریر کیں