کراچی ،سی ٹی ڈی کی نشتر روڈ پر کارروائی مقابلے کے بعد 3ملزمان گرفتار ،اسلحہ برآمد

گرفتار ملزمان پولیس ہیڈ کانسٹیبل کی ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اوراسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے

جمعہ 15 جنوری 2016 20:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) نے نشتر روڈ پر مقابلے کے بعد 3ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے ۔گرفتار ملزمان پولیس ہیڈ کانسٹیبل کی ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اوراسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی ٹی ڈی نثار نثار احمد خواجہ کی ہدایت پر سی ٹی ڈی کراچی کے انچارج طارق اسلام کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے نشتر فلمستان روڈ پر ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی ۔

پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3ملزمان عاقب عرف مرغی والا ولد عبدالحمید ،قاسم عرف بجی ولد سلیم اور محمد اظہار عرف کالا ولد محمد اسرار کو گرفتار کرکے 30بور کے 3پستول اور 10گولیاں برآمد کرلیں ۔ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے جمشید کوارٹر کے علاقے میں ہیڈ کانسٹیبل زاہد احمد کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا جبکہ کئی تاجروں کو کافی عرصے سے قتل کی دھمکیاں دے کر بھتہ وصول کررہے تھے ۔ملزمان کی اسٹریٹ کرائم کی بھی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے ۔گرفتار ملزمان مزید تفتیش جاری ہے ۔