جنوبی پنجاب دہشتگردوں کا سب سے بڑا گڑھ ہے۔ پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی ضرورت ہے‘صاحبزادہ حامدر ضا

بھارت میں پی آئی اے کے دفتر پر حملہ ہندو جنونیت کا بد ترین مظاہرہ ہے، بھارتی حکومت ملک میں ہندو دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگائے

جمعہ 15 جنوری 2016 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب دہشتگردوں کا سب سے بڑا گڑھ ہے، پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی ضرورت ہے، مسلم لیگ( ن) کے کالعد م تنظیموں کے ساتھ نظریاتی رشتے ہیں، داعش بھی پنجاب سے جنم لے رہی ہے، بھارت میں پی آئی اے کے دفتر پر حملہ ہندو جنونیت کا بد ترین مظاہرہ ہے، بھارتی حکومت ملک میں ہندو دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگائے، انڈونیشیا اور ترکی میں بم دھماکے قابل مذمت ہیں، دنیا میں دہشتگردی کی نئی لہر تشویشناک ہے، پنجاب میں رینجرز کو کراچی والے اختیارات دیئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ انوار مدینہ میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ہندو انتہا پسندی خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ ہے۔ ملک قرضوں پر چل رہا ہے۔ پاکستانی حکومت نے بھارتی دہشتگردی کوعالمی سطح پر بے نقاب نہیں کیا ۔ حکومت قوم کو بتائے کہ نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ کے باوجود جیش محمد کے خلاف کاروائی میں تاخیر کیوں کی گئی۔

پاکستان کے مثبت رویے کے بعد اب گیند بھارت کے کورٹ میں ہے۔ پاک بھارت مذاکرات کو مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کیا جائے۔ پنجاب حکومت دہشتگردوں کیلئے نرم گوشہ رکھتی ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف حکومت کے پاس کو ئی فکری بیانیہ نہیں ۔پنجاب میں دہشتگردوں پر قابو پانا پولیس کے بس کی بات نہیں۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں رینجرز کاآپریشن ضروری ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت مودی کو پیش کریں۔ دہشتگرد اور ن کے مددگار ملک کے غدار ہیں۔ داعش اور القاعدہ کے لوگ اسلام کے باغی ہیں۔ جہاد کے نام پر مسلم نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ علماء کنونشن سے مفتی محمد حسیب قادری ،صاحبزادہ مطلوب رضا ، مولانا غلام سرور حیدری ، مفتی محمد حسین صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔