سینیٹ میں بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین کے بعد ایک اور اداکارہ کے حسن کے چرچے ہونے لگے

جمعہ 15 جنوری 2016 18:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) سینیٹ میں بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین کے بعد ایک اور اداکارہ کے حسن کے چرچے ہونے لگے ۔ جمعہ کو سینٹ اجلاس میں سشمیتا سین اور ماڈل ایان علی سے متعلق چیئرمین رضا ربانی اور سینیٹر حمد اﷲ کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے ۔ سینیٹر حمد اﷲ نے کہا کہ سیکیورٹی کی صورتحال میں ہمیں اسلحہ لائسنسوں کی ضرورت ہے۔

چیئرمین اس سلسلے میں احکامات دیں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ اس معاملہ پر ایوان سے بات کریں گے۔ سینیٹر حمد اﷲ نے کہا کہ پاکستان میں یا تو دولت والوں کو سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے یا پھر خوبصورتی کی بنیاد پر جیسا کہ آجکل ماڈل ایان علی کو سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ چیئرمین نے برجستہ کہا کہ آجکل ماڈلز اور اداکاروں پر آپ کی کافی نظر ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر حمد اﷲ نے کہا کہ اصل میں میرا مشاہد اﷲ خان کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا زیادہ ہو گیا ہے جس پر چیئرمین نے زبردست قہقہ لگایا اور کہا کہ یہ محبت کا اثر ہے۔ سینیٹر حمد اﷲ نے شکوہ کیا کہ اخبارات ہمیں اتنی کوریج بھی نہیں دیتے، جتنی ایان علی کو دیتے ہیں۔ رضا ربانی نے حمد اﷲ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل آپ اداکاروں کی بہت با ت کرتے ہیں۔سینیٹر حمد اﷲ نے کہا کہ میڈیا پر کہیں ان کی آنکھوں ، کہیں چشمے اور کہیں خوبصورتی کا تذکرہ ہوتا ہے ۔ سینیٹر حمد اﷲ کے بیان پر ایوان قہقہوں سے گونجتا رہا ۔

متعلقہ عنوان :