غیر اخلاقی زبان اور براہِ راست نشریات میں مؤثر تاخیری نظام کا عدم استعمال

پیمراکا ایک نجی ٹی وی چینل پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا اعلان

جمعہ 15 جنوری 2016 17:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے رائل ٹی وی کے دو پروگراموں میں ایک نجی ٹی وی چینل کے اینکر (مبشرلقمان) کے خلاف انتہائی فحش، غیر اخلاقی اور لغو زبان استعمال کرنے اور براہِ راست نشریات میں مؤثر تاخیری نظام نہ ہونے کی وجہ سے ایک لاکھ روپے جرمانہ عائدکیا ہے۔

پیمراکی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ادارہ نے رائل ٹی وی چینل کے پروگرام ’’ایشو آف دی ڈے‘‘ 25اور 26نومبر 2015ء میں انتہائی لغو اور ہتک آمیز زبان کے استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چینل انتظامیہ کو مؤرخہ 21دسمبر 2015ء کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا اور 14یوم کے اندر جواب طلبی کی تھی ۔چینل کی طرف سے خاطر خواہ جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں مذکورہ کیس پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور کے سپرد کیا گیا تاکہ چینل کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت فیصلہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

لہٰذا کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے اپنے 11جنوری 2016ء کے منعقدہ اجلاس میں ٹی وی چینل کے نمائندوں کا مؤقف سننے اور تمام ریکارڈنگ دیکھنے کے بعد متفقہ فیصلہ سنایاجس کے مطابق چینل پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کونسل آف کمپلینٹس، جس کی صدارت مایہ ناز پروفیسرڈاکٹر مہدی حسن نے کی ،کے فیصلے کے مطابق چینل کی جانب سے ایک ماہ کے اندر اندر جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں رائل ٹی وی کی نشریات 30یوم کیلئے معطل کر دی جائیں۔پیمرا جرمانہ ادا نہ ہونے کی صورت میں مؤرخہ 15فروری 2016ء سے چینل کی معطلی کیلئے عمل کا آغاز کر دیگا۔

متعلقہ عنوان :