تیزابی حملے سے متاثرہ لڑکی بھارت میں فیشن مہم کا حصہ بن گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 15 جنوری 2016 12:36

بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 15 جنوری 2016ء): تیزابی حملے سے متاثرہ لڑکی کو بھارت میں موجود کپڑوں کے ایک برانڈ نے اپنی فیشن مہم کا حصہ بنا لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اج سے دس برس قبل لکشمی 15 سال کی تھی جب ایک عمر رسیدہ شخص نے شادی کی آفر ٹھُکرانے پر اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر لکشمی پر تیزاب پھینک دیا۔ اس گھمبیر صورتحال میں بھی لکشمی نے ہمت نہ ہاری اور اپنا علاج کروانے کے بعد تیزابی حملوں سے متاثرہ خواتین ہی کی ایڈووکیٹ بن گئی۔

لکشمی بھارت میں تیزابی حملوں کے خلاف قومی مہم کی مرکزی کارکن بھی بن گئی ہیں۔ وہ تیزاب کی فروخت پر پابندیاں اور حملہ آوروں کے لیے زیادہ سخت سزائیں چاہتی ہیں۔ لکشمی کو ”فیس آف کریج“ کا نمائندہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ لکشمی نے بتایا کہ یہ حملہ آوروں کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہے کہ وہ ہمارا حسن تباہ کر سکتے ہیں لیکن ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

ویوا اینڈ ڈیوا‘ کی مشترکہ بانی روپیش جھاور نے لکشمی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے اس مہم کا خیال تب آیا جب میں نے تیزابی حملوں سے متاثر خواتین کا ایک کلینڈر دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں خوبصورت جلد اور ہر لحاظ سے بے نقص ماڈلز کو دیکھنے کا اتنا عادی تھا لیکن جب میں نے ان خواتین کی تصاویر دیکھیں تو یہ میرے لیے ایک پریشان کن، لیکن حوصلہ افزا لمحہ تھا۔

مجھے حسن کا ایک نیا روپ نظر آیا اور ہم یہ لوگوں کو بتانا چاہتے تھے کہ حسن محض جسمانی نہیں ہوتا، ہر انسان کے اندر بھی ایک خوبصورتی چھُپی ہوتی ہے جسے ہم دنیا کے سامنے اس صورت میں لانا چاہتے تھے۔ لکشمی کا فیشن انڈسٹری میں قدم ان تمام لڑکیوں اور خواتین ، جو کہ تیزابی حملوں سے متاثرہ ہیں ، میں ایک حوصلہ افزا احساس پیدا کر سکتا ہے۔ لکشمی کو دیکھنے کے بعد تیزابی حملے سے متاثرہ ہر خاتون خود کو ایک نئے نظریے سے دیکھ سکتی ہے جس سے اس میں خود اعتمادی پیدا ہو گی۔