آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ

جنرل راحیل شریف نے ٹینک الخالد ون کی تیاری اور کارکردگی کا مظاہرہ بھی دیکھا

جمعرات 14 جنوری 2016 21:05

راولپنڈی/ ٹیکسلا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بین الاقوامی معیار کے دفاعی اور حفاظتی آلات کی تیاری ، آپریشن ضرب عضب سمیت فیلڈ فارمیشنز کیلئے مدد پر ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھا جائے اور خود انحصار ی کے ذریعے قومی خزانے کی بچت یقینی بنائی جائے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے جمعرات کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا(ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا جنرل راحیل شریف کو دفاعی اور تجارتی مقصد کیلئے تیار کی جانیوالی مصنوعات اور مختلف فیکٹریز کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ ٹینک الخالد ون ، آرمر پرسونل کیئریر (اے پی سی) کی تیاری ، سیکیورٹی وہیکلز ڈریگون ، پروٹیکٹر اور محفوظ سے متعلق بھی بریف کیا گیا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے ٹینک الخالد ون کی تیاری کے مراحل اور اسکی کارکردگی کا مظاہرہ بھی دیکھا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی طرف سے بین الاقوامی معیار کے دفاعی اور سیفٹی آلات کی تیاری اور آپریشن ضرب عضب سمیت فیلڈ فارمیشنز میں مدد کو بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی مصنوعات کو ملک کے اندر تیار کرنے اور انکی فروخت کی غرض سے کی جانیوالی کوششوں کو سراہا ۔

انہوں نے ملک کے اندر تیار کی جانیوالی سیکیورٹی وہیکل محافظ اور پروٹیکٹر کے استعمال کی بھی تعریف کی ۔ آرمی چیف نے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کہ خود انحصاری کے ذریعے قومی خزانے کی بچت یقینی بنائی جائے اس موقع پر وزارت دفاعی پیداوار کے سیکرٹری بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا آمد پر آرمی چیف کا استقبال چیئرمین ایچ آئی ٹی لیفٹیننٹ جنرل سید واجد حسین نے کیا ۔