خانیوال، مویشی چور گینگ کا سرغنہ ذوالفقار عرف زلا دو ساتھیوں سمیت گرفتار،5لاکھ روپے سے زائد مالیت کے مویشی اور اسلحہ برآمد

جمعرات 14 جنوری 2016 20:56

خانیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء ) بین الاضلاعی مویشی چور گینگ کا سرغنہ ذوالفقار عرف زلا اپنے دو ساتھیوں سمیت گرفتار ‘ملزمان خانیوال اور جھنگ میں مویشی چوری کی وارداتوں میں ملوث تھے ‘ملزمان سے 5لاکھ روپے سے زائد مالیت کے مویشی اور اسلحہ برآمد۔اس ضمن میں ڈی پی او خانیوال جہانزیب نذیر خان نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں صحافیوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ذوالفقار عرف زلا گینگ کے ارکان جو کہ بین الاضلاعی مویشی چور ہیں خانیوال میں بھی اپنی کریمنل سرگرمیوں میں ملوث تھے ‘میں نے شروع سے ہی ڈسٹرکٹ پولیس پر واضح کردیا تھا کہ شہریوں کے جان ومال کو نقصان پہنچانے والے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وہ کسی طور پر یہ برداشت نہیں کریں گے کہ کوئی شہریوں کے جان ومال کو نقصا ن پہنچائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ذوالفقار عرف زلا گینگ کی سرگرمیوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او خانیوال کہنہ سب انسپکٹر اختر نواز کو اپنے دفتر طلب کرکے زلا گینگ کے ارکان کو فوری گرفتار کرنے اور مال مسروقہ کی برآمدگی کا ٹاسک دیتے دیا اور اس بارہ میں کچھ گائیڈ لائن بھی دیں ۔ایس ایچ او کہنہ نے زلا گینگ کے ارکان کو گرفتا رکرنے کیلئے محنتی اور قابل پولیس افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی اور خبری بھی مامور کیے ‘ٹیم نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے اپنے انفارمیشن ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے اس گینگ کا پتہ چلایا اور گینگ کے سرغنہ کو اس کے دو ساتھیوں سمیت رنگے ہاتھوں گرفتا رکرلیا ۔

گرفتار ملزمان میں ذوالفقار عرف زلا ولد ساجھا قوم موہانہ موضع باٹی بنگلہ سرائے سدھو سرغنہ اور اس کے ساتھی محمد حیات عرف انصر حیات ولد منظور قوم مرالی سکنہ موضع پپل والی سرائے سدھو وار محمد عثمان ولد حق نواز قوم مرالی سکنہ موضع پپل والی سرائے سدھو شامل ہیں ۔ملزمان نے دوران انٹروگیشن انکشافات کیے کہ ووہ ضلع جھنگ ‘خانیوال اور گردونواح سے مویشی چوری کرتے تھے ‘ضلع جھنگ میں ان کیخلاف مقدمات درج ہیں ۔

ملزمان سے چوری شدہ مویشی جن کی مالیت 5لاکھ 50ہزار سے زائد بنتی ہے برآمد کرلیے ہیں جبکہ ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونیوالا ناجائز اسلحہ جس میں پسٹل 30بور‘ریوالور 32بور اور گولیاں شامل ہیں بھی برآمد کرکے مقدمات کا اندراج کرلیا ہے ۔ملزمان سے ابھی مزید انٹروگیشن جاری ہے جس سے مزید برآمدگی کی توقع ہے ۔ڈی پی او خانیوال نے گینگ کی گرفتاری پر مامور ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی سر ٹیفکیٹ دئیے جانے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :