سی ڈی اے نے 1124 افسران کی ڈگریاں تصدیق کیلئے متعلقہ تعلیمی بورڈز کو بھجوا دیں

جمعرات 14 جنوری 2016 16:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 جنوری۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ( سی ڈی اے) نے 1124 اعلیٰ آفسران کی اسناد تصدیق کیلئے متعلقہ تعلیمی بورڈز کو بھجوا دی ہیں تاہم کراچی بورڈ کو بھیجے گئے سرٹیفکیٹ کو 05 مہینے سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود بورڈ کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ۔معتبرذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جمع کی جانیوالی اسناد کی تصدیق کیلئے ایک سال کا وقت درکار ہے۔

ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ یہ اسناد گزشہ 04 ماہ سے اکھٹی کی جا رہیں تھیں جس میں انتظامیہ کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔جبکہ کچھ افسران نے اپنی اسناد تصدیق کرنے والے شعبہ میں جمع نہیں کروائی تھیں جس پر پہلے ان کی تنخواہوں کو روکا گیا جبکہ بعد ازاں ان کو باقائدہ شو کاز نوٹس بھی جاری کئے ، جس کے بعداکثر افسران نے اپنی میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی اسناد متعلقہ شعبہ کو تصدیق کیلئے فراہم کیں۔

(جاری ہے)

سی ڈی اے نے 1124 اسناد متعلقہ بورڈز میں تصدیق کے لیے بھجوا دی ہیں جن کی واپسی ایک سال تک بھی متوقع نہیں ہے۔ان اسناد کی تصدیق کے بعد تمام افسران سے بیچلر اور ماسٹر کی ڈگری طلب کی جائیں گی جن کی تعلیمی قابلیت اس کے مساوی ہوگی۔ان اسناد کی تصدیق ایچ ای سی سے کروائی جائے گی، تاہم جن کی میڑک اور انٹرمیڈیٹ کی اسنادجعلی نکلیں تو انکے خلاف سخت کارروائی کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی بورڈ کو بھیجے گئے سرٹیفکیٹ کو 05 مہینے سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود بورڈ کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا تاہم سی ڈی اے نے دو مرتبہ کراچی بورڈ کو خط جاری کرتے ہوئے ان اسناد کی فوری طور پر تصدیق کروانے کی استدعا کی گئی ہے جبکہ پنجاب بورڈ ز اور کے پی کے ،بلوچستان،کشمیر ،گلگت بلتستان بورڈز کی اسناد پر بھی تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیںآ ئی۔جبکہ فیڈرل بورڈ نے سی ڈی اے کی جانب سے تصدیق کیلئے جمع کروائی گئی اسناد کیلئے فیس کا مطالبہ کر دیا ہے جن کو دو مہینوں میں تصدیق کروانے کا امکان ہے۔ موقف جاننے کیلئے سی ڈی اے ڈائریکٹر رمضان ساجد سے متعدد بار رابطہ کیا تاہم ا ن سے رابطہ نہ ہو سکا ۔

متعلقہ عنوان :