حکومت نے پی آئی اے کو 20ارب سے زائد کا مالی تعاون فراہم کیا ‘ ای سی سی کے اجلاس میں پی آئی اے کے جہازوں کی تعداد میں پندرہ طیاروں کے اضافہ کے لئے ڈرائی لیز پر 52 ملین امریکی ڈالر کی منظوری دی‘ حکومت کی جانب سے یہ رقم بطور دادرسی کے دی جائیگی،پی آئی اے مطلوبہ ضرورت کیلئے یہ رقم حکومت سے پہلے ہی وصول کرچکی ہے، پی آئی اے کی جانب سے 2013 جون سے لیکر اب تک وصول کئے جانے والے قرضوں کی رقم کے ضمن میں حکومت کی جانب سے 28 ارب 8کروڑ روپے کی ضمانتوں کی منظوری دی گئی ،قومی اسمبلی میں وزارت ہوابازی کا تحریری جواب

گزشتہ تین سالوں کے دوران اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی صحافی سرکاری وفود میں شامل نہیں ہوا،وزارت اطلاعات کا انکشاف

جمعرات 14 جنوری 2016 14:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی کو وزارت ہوابازی کی جانب سے تحریری جواب میں آگاہ کیا کہ حکومت نے پی آئی اے کو جون 2013 دسمبر 2014 تک 20ارب سے زائد کا مالی تعاون فراہم کیا ہے‘ ای سی سی کے اجلاس میں پی آئی اے کے جہازوں کی تعداد میں پندرہ طیاروں کے اضافہ کے لئے ڈرائی لیز پر 52 ملین امریکی ڈالر کی منظوری دی‘ حکومت کی جانب سے یہ رقم بطور دادرسی کے دی جائیگی اور پی آئی اے مطلوبہ ضرورت کیلئے یہ رقم حکومت سے پہلے ہی وصول کرچکی ہے پی آئی اے کی جانب سے 2013 جون سے لیکر اب تک وصول کئے جانے والے قرضوں کی رقم کے ضمن میں حکومت کی جانب سے 28 ارب 8کروڑ روپے کی ضمانتوں کی منظوری دی گئی ہے۔

وزارت اطلاعات کے تحریری جواب میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی صحافی سرکاری وفود میں شامل نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قو می اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں تلاوت کلام پاک اور نعت کے بعد وقفہ سوالات کے دوران وزراء نے ارکان اسمبلی کے سوالوں کے جواب دیئے۔

وز یرموسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا کہ 2015 کے زلزلے میں این ڈی ایم اے کے تعاون سے زلزلہ زدگان کی امداد کی سب سے پہلے نقصان کا جائزہ لیا گیا جاں بحق افراد اور تباہ شدہ مکانات کا معاوضہ 11ارب روپے دیئے گئے حکومت نے بین الاقوامی مدد اس پر نہیں مانگی۔ عائشہ سید نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں کو زلزلے کی وجہ سے نقصان ہوا زاہد حامد نے جواب دیا کہ پی کے میں 495 سکول تباہ ہوئے اور آزاد کشمیر میں بھی دو سکول تباہ ہوئے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر پہلے حملے ہوئے ہیں اور اے ایس ایف کی ایئرپورٹ کی سکیورٹی کے حوالے سے استعداد کار بڑھائی گئی ہے۔

لاہور میں نیا سکیورٹی سسٹم نصب کیا گیا ہے اور اس کا دائرہ کار ملک کے دیگر حصوں میں بڑھایا جائے گا۔ ہر سال نئی بھرتیاں ہوتی ہیں اور جدید ہتھیاروں سے جدید خطوط پر اہلکاروں کی تربیت کی جاتی ہے۔ وزارت کابینہ ڈویژن نے قومی اسمبلی کو تحریری جواب میں آگاہ کیا کہ بلوچستان میں بیت المال کے ذریعے 2953 افراد کو سات کروڑ97 لاکھ روپے سے زائد رقم تقسیم کی جس میں سے طبی سہولیات کیلئے پانچ کروڑ تعلیم کیلئے 72 لاکھ اور عمومی طور پر دو کروڑ چودہ لاکھ سے زائد رقم تقسیم کی۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی نے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ زلزلے میں 19ارب سے زائد کے نقصانات ہوئے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں گیارہ ارب سے زائد امداد حکومت کی طرف سے تقسیم کی گئی جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے پچاس فیصد حصہ دیا گیا۔