انڈونیشیا میں اقوام متحدہ کے دفتر، پاکستانی وترک سفارتخانے کے قریب یکے بعد دیگرے دھماکے و فائرنگ ، 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی،فوج طلب ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

انڈونیشین صدر کی دھماکوں کو دہشتگرد کارروائی قرار دیتے ہوئے لوگوں سے پرامن رہنے کی اپیل

جمعرات 14 جنوری 2016 14:05

جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء ) انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں اقوام متحدہ کے دفتر، پاکستان اور ترکی کے سفارتخانے کے قریب یکے بعد دیگرے 7 دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 6افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق بدھ کے روز انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں اقوام متحدہ کے دفتراورپاکستانی وترک سفارتخانے کے قریب نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے یکے بعد دیگرے چھ بم دھماکے اور فائرنگ کی گئی ۔

دہشتگرد حملے کے نتیجے میں3 پولیس اہلکار وں سمیت 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں 15 سے زائد دہشتگرد موجود ہیں جبکہ سرینا شاپنگ مال میں 6 دہشتگرد موجود ہیں۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کردہشتگردوں کا مقابلہ شروع کردیا ہے تاہم دہشتگردوں کی بڑی تعداد کے باعث فوج کی مدد طلب کرلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انڈونیشین فوج ٹینکوں کے ہمراہ علاقے میں پہنچ چکی ہے اور دہشتگردوں سے مقابلہ شروع کردیا ہے۔جس علاقے میں حملہ ہوا ہے وہاں اقوام متحدہ کا دفتر، سرینا شاپنگ مال اور پولیس سٹیشن بھی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کم از کم 3 خود کش بمباروں نے ریسٹورنٹ میں خودکو اڑایاجبکہ دیگر 3دھماکے پاکستان اورترکی کے سفارتخانوں کے قریب ہوئے، 2 مسلح افراد نے قریبی پولیس چوکی پر حملہ کیا۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث 4 دہشتگردوں کو مار دیا گیا ہے جبکہ دیگر دہشتگردوں سے مقابلہ جاری ہے۔ انڈونیشیا کے صدر نے جکارتا دھماکوں کو دہشتگرد کارروائی قرار دیتے ہوئے لوگوں کو پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔خیال رہے کہ ماضی میں بھی اسلام پسند مسلم گروپس کی جانب سے انڈونیشیا میں حملے ہوتے رہے ہیں۔جکارتا میں 2009 میں میریٹ اور رٹز ہوٹل میں ہونے والے حملوں کے بعد یہ پہلا بڑا حملہ ہے۔واضح رہے کہ بدھ کے روز بھی افغانستان میں پاکستان کے سفارتخانے پر حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 6 اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔