لیو پروڈکشن کے زیر اہتمام فیشن و میوزیکل ایوارڈ شو میں سینئر اداکاروں نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیئے

جمعرات 14 جنوری 2016 13:08

لیو پروڈکشن کے زیر اہتمام فیشن و میوزیکل ایوارڈ شو میں سینئر اداکاروں ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء) لیو پروڈکشن کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ہونے والے فیشن و میوزیکل ایوارڈ شو میں فلم ، ٹی وی اور تھیٹر کے سینئر اداکاروں نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیئے ، طویل عرصے کے بعد ماضی کے لیجنڈ اداکاروں کو اکٹھے دیکھ کر حاضرین حیرت زدہ رہ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں لیو پروڈکشن کے زیر اہتمام فیشن و میوزیکل ایوارڈ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں شوبز انڈسٹری کے لیجنڈ اداکاروں فلمسٹار شاہد ، مصطفی قریشی ، مسرت شاہین ، عرفان کھوسٹ ، راشد محمود ، اورنگ زیب لغاری ، اے نیئر ، پرویز رضا ، امان اللہ ، شیبا بٹ ، طاہر نوشاد ، سلیم البیلا ، سخاوت ناز ، شاہد خان اور سرمد کھوسٹ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

اس موقع پر گلوکارہ حوریہ خان ، انور رفیع ، آصف جاوید ، نرمل شاہ اور چاند نصرت نے شاندار گلوکاری کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

شو میں ماڈلز ڈولی ، ثناء گل ، آمنہ ، پارس، روینا روز ، عدن انجوہ ، ثناء خان اور ثانیہ نے ریمپ پر کیٹ واک کی جبکہ امان اللہ ، سخاوت ناز ، شاہد خان ، طاہر نوشاد اور سلیم البیلا نے کامیڈی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی ۔

شو کے دوران گلوکارہ نرمل شاہ مہدی حسن کی آواز میں فیض احمد فیض کا کلام ” مجھ سے پہلی سی محبت میری محبوب نہ مانگ “ سناتے ہوئے جذباتی انداز میں رو پڑیں جس پر حاضرین کی جانب سے انہیں بھرپور تالیاں بجا کر داد دی گئی ۔ شو میں ڈھول پلیئر ارشمہ کول نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ تقریب میں لیجڈ اداکاروں مصطفی قریشی ، شاہد ، عرفان کھوسٹ ، راشد محمود ، امان اللہ ، مسرت شاہین ، جاوید رضا ، اوررنگ زیب لغاری ، پرویز رضا ، اے نیئر ، شیبا بٹ اور سرمد کھوسٹ کو لائف اچیومنٹ ایوارڈ دیئے گئے ۔

شو کی کمپیئرنگ کے فرائض ماڈل و اداکارہ ڈولی اور سینئر صحافی شکیل زاہد نے انجام دیئے ۔ جبکہ کے شو کے آرگنائزر اویس ملک ، اسلم پھلروان ، ڈولی ،اسرار حسن اور پرویز رضا تھے۔ یہ تقریب رات گئے تک جاری رہی اور اس میں شریک شرکاء نے فیشن و میوزیکل ایوارڈ شو کو ایشیائی کامیابی قرار دیا ۔