عراق میں موصل کو داعش سے واپس لینے کے لئے ایک جامع فوجی منصوبہ تیار کرلیا گیاہے، امریکی وزیر دفاع ایش کارٹرکا فوجیوں سے خطاب

جمعرات 14 جنوری 2016 12:05

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 جنوری۔2016ء) امریکی وزیر دفاع ایش کارٹر نے کہا ہے کہ عراق میں موصل کو داعش سے واپس لینے کے لئے عراقی اور کرد البیشمرکہ افواج اور شام میں الرقہ کی آزادی کے لئے شامی فوج کی مدد کے لئے ایک جامع فوجی منصوبہ تیار کرلیا گیا غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں جلد ہی تعینات ہونے والی امریکی فوج کی 101 ائیربورن ڈویڑن کے فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہ اگلے ہفتے کے دوران یورپ سمیت دیگر ممالک کے ہم منصبوں سے پیرس میں ملاقات کریں گے اور ان سے اس جنگ میں مزید سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کریں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ عراق میں ایک سپیشل کمانڈو فورس تعینات کردی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ فرانس، آسٹریلیا، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ اور برطانیہ کے وزرائے دفاع سے پیرس میں ملاقات کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا "ان تمام ممالک کا اس شیطانی تنظیم کے خاتمے میں اہم کردار ہے اور ہمیں ان کی تمام صلاحیتوں کو میدان جنگ میں استعمال کرنا چاہئیے۔

"کارٹر نے اپنے پیغام میں اشارہ دیا کہ عراق میں موصل کو داعش سے واپس لینے کے لئے عراقی اور کرد البیشمرکہ افواج اور شام میں الرقہ کی آزادی کے لئے شامی فوج کی مدد کے لئے ایک جامع فوجی منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔انہوں نے آْپریشن کی کچھ تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ عراقی فوج جنوب سے جبکہ البیشمرکہ کی افواج شمال سے موصل کو گھیرے میں لیں گی اور اسے محاصرے میں لے کر باہر کی دنیا سے اس کا رابطہ توڑ دیں گی۔

کارٹر کا خطاب میں کہنا تھا کہ "دسمبر میں جس سپیشل فورس کی تعیناتی کا اعلان کیا گیا تھا وہ اب عراق میں موجود ہے اور عراقی فوج کی معاونت کے ساتھ داعش کے جنگجوؤں اور رہنماؤں کے خلاف کارروائیوں کی تیاریاں کررہی ہے۔" یاد رہے کارٹر نے دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ امریکا، عراق میں 200 کے قریب سپیشل فورسز کے اہلکار تعینات کرے گا تاکہ انٹیلی جنس اکٹھی کرنے کے عمل میں تیزی لائی جاسکے اور دشمن پر مزید دباؤ بڑھ سکے۔

انہوں نے داعش کے خلاف امریکی اتحاد کی فضائی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عراقی فورسز فضائی کارروائیوں کی سپورٹ کے ساتھ داعش سے علاقے آزاد کروا رہی ہیں اور گروپ کے مالی ذرائع کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ رواں ہفتے کے دوران موصل میں داعش کے ایک کیش سنٹر کو نشانہ بنایا گیا۔امریکی 101 ائیربورن گروپ کے تقریبا 500 فوجی فروری کے آخر تک اور "سیکنڈ بریگیڈ کامبیٹ ٹیم" کے 1300 فوجی آئندہ کچھ مہینوں میں عراق میں تعینات کئے جائیں گے۔ سیکنڈ بریگیڈ عراقی اور البیشمرکہ کی فوج کی ٹریننگ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :