انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں یکے بعد دیگرے6 بم دھماکوں میں10سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 14 جنوری 2016 11:40

جکارتا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 14 جنوری۔2015ء) انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں یکے بعد دیگرے6 بم دھماکوں میں10سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے معروف شاپنگ مال کے سامنے ہوئے دھماکوں کے ساتھ فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں ہیں، دھماکوں کی جگہ پر بہت سے لگڑری ہوٹل، سفارت خانے اور دیگر دفاتر ہیں۔

تاہم یہ واضح نہیں کہ فائرنگ کو ن کر رہا ہے جبکہ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شہر کے مرکز میں پولیس پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے،دھماکوں کی جگہ کے نزدیک اقوام متحدہ کا دفتر بھی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق یہ دھماکے شہر کے مرکز میں ہوئے ہیں اور ان میں اب تک10سے زائدافرادکے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں دھماکے تھامرن کے علاقے میں سرینہ شاپنگ سنٹر کے باہر اور صدارتی محل اور اقوام متحدہ کے دفتر کے پاس ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے ایک اہلکار جرمی ڈگلس جو وہاں موجود ہیں انھوں نے بتایا کہ فائرنگ جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں یہ ایک بم حملہ ہے تاہم ابھی اس بارے میں کوئی علم نہیں کہ اس کا ذمہ دار کون ہو سکتا ہے۔دھماکے والے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ مزید بم دھماکوں کے خدشے کے تحت لوگوں کو گھر سے باہر نکلنے سے منع کیا گیا ہے۔