امریکی صدر براک اوباما کا روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فون پررابط

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 14 جنوری 2016 11:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 14 جنوری۔2015ء) امریکی صدر براک اوباما نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فون پررابط کیا ہے دوبڑی عالمی طاقتوں کے راہنماؤں کے درمیان شام میں جاری خانہ جنگی سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔وائٹ ہاوٴس کے اہل کاروں نے بتایا ہے کہ دونوں رہنماوٴں نے شام میں خانہ جنگی کو ختم کرنے کے لیے جاری کوششوں اور یوکرین میں جنگ بندی کی شرائط پر عمل درآمد پر گفتگو کی۔

وائٹ ہاوٴس ترجمان جوش ارنیسٹ نے کہا ہے کہ اْنھوں نے خاصے وقت تک روسیوں کی جانب سے علیحدگی پسندوں کی حمایت بند کرنے کی ضرورت پر بات کی جس کے باعث اس وقت یوکرین عدم استحکام کا شکار ہے۔روس کا کہنا ہے کہ پیوٹن نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی کے سمجھوتے کے تحت یوکرین کو اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

دونوں سربراہان نے شام میں خانہ جنگی کے معاملے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے زیر سایہ مذاکرات کی حمایت پر زور دیا جس میں صدر بشار الاسد کا مستقبل اہم پیچیدہ نکتہ بنا ہوا ہے۔

امریکہ روس پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ اسد کی حمایت بند کرے اور اسد حکومت کے خلاف لڑنے والے باغی گروہوں پر بم حملے بند کرے۔اوباما اور پیوٹن نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ جوہری تجربے کے معاملے پر گفتگو کی جس سلسلے میں اْنھوں نے مضبوط اور متحد بین الاقوامی اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔روس نے کہا ہے کہ داعش کے شدت پسند گروہ اور دیگر دہشت گردوں کے خلاف لڑائی کو تقویت دینے کے لیے امریکہ اور روس کے مابین بہتر فوجی رابطوں کی ضرورت ہے۔