صوبے میں امن وامان کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ہم حالت جنگ میں ہیں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جاسکتی، دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تمام عناصر اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری کا امن وامان کے حوالے سے ا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

بدھ 13 جنوری 2016 22:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں لہٰذا کسی قسم کی غفلت یا تساہلی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تمام عناصر،سہولتکار اور ایسے عناصر کو پناہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز امن وامان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء میرسرفرازبگٹی، عبدالرحیم زیارتوال، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان احسن محبوب،صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ،کمانڈنٹ غزہ بند کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کوئٹہ شہر کی سیکورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئی جی پولیس نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو سیٹلائٹ ٹاؤن میں بم دھماکے اور اس کے بعد سیکورٹی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں پولیو مرکز پرخودکش دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔

شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیاں صوبے میں امن وامان کے قیام میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کوئٹہ شہر،گردونواح اورصوبے کے دیگر حصوں میں سیکورٹی کے انتظامات کو مزید موثر بنایاجائے،قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں مربوط طریقے سے معلومات کا تبادلہ کریں تاکہ شرپسند عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہوسکیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی رٹ برقرار رکھنے کے لئے تمام قانون نافذکرنے والے ادارے اے اور بی ایریا کی تفریق کے بغیر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات مہیا کرنے کی بھی ہدایت۔

متعلقہ عنوان :