تھر کی بہادر عوام نے شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر بلاول بھٹو زرداری تک محبت کا عظیم انمٹ رشتہ قائم کیا ہے جو آج بھی قائم ہے، صوبائی وزیر نثار کھوڑو

پی پی واحد جماعت ہے جس نے شہید زوالفقار علی بھٹو سے لیکر شہید بینظیر بھٹو تک جو بھی فیصلے کئے وہ عوام کے سامنے ہوئے، مولا بخش چانڈیو

بدھ 13 جنوری 2016 22:20

میرپورخاص/مٹھی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) مٹھی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ تھر کی بہادر عوام نے شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر بلاول بھٹو زرداری تک محبت کا عظیم انمٹ رشتہ قائم کیا ہے جو آج بھی قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے لوگوں نے آمر ضیاء اور پر ویز مشرف سے نفرت کا اظہار کیا اورگزشتہ انتخابات میں شوکت عزیز کو عبرتناک شکست دی اور فرسودہ منصوبے کالاباغ ڈیم کے خلاف آواز بلند کی ۔

نثا رکھوڑو نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو ز رد ا ری کے حکم پر ہم تھر پہنچے ہیں تاکہ دکھی تھری بھائیوں، ماؤں اور بہنوں سے دکھ بانٹ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے خلاف جو پروپگنڈہ شروع کیا گیا ہے اس کا قلع قمع کیا جائیگا یہاں کے لوگوں کا سر بلند کرینگے اور کہا کہ شاہنواز بھٹو سے لیکر بلاول بھٹو زرداری تک 4نسل عوامی خدمت میں مصروف ہے اوراُن لوگوں کیلئے سبق ہے جو پیپلز پارٹی کے خلاف جعلی اتحاد بناکر عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے مُشیر اطلاعات و آرکائیوز مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ہم تھر کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آئے ہیں اس سلسلے میں آصف زرداری ،بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علیشاہ کی خصوصی ہدایات پر ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس نے بھی دورہ کیا ہے اور آج میں اور نثارکھوڑو یہاں جائزہ لینے پہنچے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی پی واحد جماعت ہے جس نے شہید زوالفقار علی بھٹو سے لیکر شہید بینظیر بھٹو تک جو بھی فیصلے کئے وہ عوام کے سامنے ہوئے کبھی بھی ہم نے عوا م سے چھپا کر کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ تھر کے معاملے میں کسی فرد یا ادارے کی کوتاہی تو ہوسکتی ہے لیکن اس میں سندھ حکومت کا مجرم قرار دینا کہاں کا انصاف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خواہ مخواہ تھر میں قیامت برپا کر کے کربلا کا منظر پیش کیا جارہا ہے جو بڑے افسوس کی بات ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا بڑا دکھ ہے کیونکہ میں بھی صاحب ِ اولاد ہو ں میر ے سامنے پھولوں جیسے بچے فوت ہوتے رہیں اور ہم کچھ نہ کرسکیں یہ ہم سے نہیں ہوسکتا ۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ پی پی کی حکومت غریب تھریوں کی گود خالی دیکھنا نہیں چاہتی اورکہا کہ اگر کہیں صحت کی سہولیات کا فقدان ہوگا تو اسے ضرور پورا کیاجائیگا ۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ہم گنہگار ضرور ہیں بے ضمیر نہیں سندھ حکومت تھر کی صورتحال کو دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھر کا ارباب غلام رحیم نے حکومت میں رہ کر قرارداد پاس کرائی کی دوسرے شہر کے لوگ کراچی میں نوکری نہیں کرسکتے اور نہ ہی کراچی کے اداروں میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں جو آجکل سندھ کے حامی اتحاد کی بات کررہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیاقت جتوئی نے اپنے دور حکومت میں کالاباغ ڈیم کی حمایت کی جسے اپنے گھر سے شکست ہوئی وہ اپنے آپ کو ہیرو سمجھتے ہیں اور سندھ کے حقوق کی بات کرتے ہیں ،کچھ لوگ ذوالفقار بھٹو بننے کی کوشش کررہے ہیں ان کو سمجھ لینا چاہئے کہ بھٹو بننے کیلئے سولی پر چڑھنا ہوگا یہ لوگ تو ایسا بھی نہیں کہتے کہ پاکستان کیلئے ہماری جان قربان ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری نے یہ کہا ہے کہ میں غیر ت مند وں کے قبرستان میں دفن ہونگا اورہم پاکستان اور وفاق بچانے والوں میں سے ہیں،وفاق سے اختلاف ہوسکتے ہیں لیکن اختلاف کو بغاوت نہ سمجھا جائے اور وفاق کا قوموں پر اعتماد ہوتا ہے ، حالات کا مقابلہ کیا جائے ۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ پاکستان کو جب خطرناک صورتحال پیش آئی تو شہید زوالفقار علی بھٹو نے جام ِ شہادت نوش کر کے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا ۔

اور کہا کہ سندھ مین کرپشن کا جو راگ الاپہ جارہا ہے کیا دوسرے صوبے میں کرپشن نہیں ہے ، قانون پورے ملک میں نافذ ہونا چاہئے قانون صرف سندھ میں کیوں ،پنجاب میں کیا فرشتے کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک تنظیم کا پمفلٹ شایع ہواتھا جس پر رانا ثنااﷲ نے کہا کہ اعدادو شمار تو صحیح ہے لیکن 10فیصد کم ہوئے ہیں ۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ شہید زولفقار علی بھٹو ، شہید بینظیر بھٹو اوربلاول بھٹو زرداری آج بھی وفاق کی علامت ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ نے وفا ق کو قبول کیا اور ہمیں یقین ہے کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں ملک سنوریں گا جو بھٹو خاندان کا خون ہے اور ایک عوامی انقلاب سامنے آئیگا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر دوست محمد راہموں، ایم پی اے مہیش ملانی نے بھی خطاب کیا۔