ہمارا ایجنڈہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کا ایجنڈہ ہے ،علی محمد ابو تُراب

تحریک دفاع حرمین شریفین سندھ کا ترجمان سید عامر نجیب کو نامزد کردیا گیا

بدھ 13 جنوری 2016 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) تحریک دفاع حرمین شریفین کے بانی و صدر اور مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے نائب امیر مولانا علی محمد ابو تُراب نے کہا ہے کہ ہمارا ایجنڈہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کا ایجنڈہ ہے ۔ ہم پاکستان کو عالم اسلام میں تنہا کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف 34 اسلامی ممالک کا اتحاد عالم اسلام کی خود اعتمادی کا مظہر ہے ۔

وہ گذشتہ روز جماعۃ السنہ پاکستان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے جانے والے استقبالیے سے خطاب کر رہے تھے ۔ استقبالیہ کی تقریب سے سابق وزیر تجارت برائے خلیجی ممالک حجاب گل ، مرکزی جمعیت اہلحدیث سندھ کے امیر مفتی یوسف قصوری اور جماعۃ السنہ پاکستان کے صدر سید عامر نجیب نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں سید اشرف قریشی ، قاری خلیل الرحمن جاوید ، مولانا افضل سردار مولانا امجد ہزاروی ، مزمل صدیقی ، مولانا احسن سلفی ، مولانا عبد اللطیف اختر شیخ حسین ، مولانا یوسف کاظم ، مولانا ناصر منجا کوٹی اور دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔

مولانا علی محمد ابو تُراب نے کہا کہ پاک سعودی دوستی دونوں ممالک کے دفاع اور استحکام کے لئے نہایت اہم ہے جو عناصر اس دوستی کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں وہ پاکستان کے قطعی خیر خواہ نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ تعصبات نے عراق ، شام اور یمن کے مسلمانوں کو دربدر کر رکھا ہے اور اس فرقہ وارانہ کشمکش سے طاغوتی قوتیں فائدہ اُٹھا رہی ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ وطن عزیز کی تمام محب وطن قوتیں فرقہ واریت کے تدارک کے لئے اپنا کردار ادا کریں وگرنہ فرقہ وارانہ انتشار کی آگ ہمیں جلا ڈالے گی ۔ مفتی یوسف قصوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران اور سعودی عرب کی لڑائی سے مسلم دنیا میں منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اس انتشار کا خاتمہ عالم اسلام کے مفاد میں ہے ۔ استقبالئے سے خطاب کرتے ہوئے جماعۃ السنہ پاکستان کے صدر سید عامر نجیب نے کہا کہ فرقہ وارانہ تعصبات ہماری قومی وحدت کو شدید نقصانات پہنچا رہے ہیں اگر ہم ایک اچھا مسلمان اور ایک اچھا پاکستانی بن کر اپنے اپنے ایجنڈے تشکیل دینگے تو یقیناً انتشار اور تصادم سے بچ سکتے ہیں ۔

اس موقع پر تحریک دفاع حرمین شریفین کی سندھ کی سطح پر تشکیل کے سلسلے میں تحریک کے سربراہ شیخ علی محمد ابو تُراب نے جماعۃ السنہ پاکستان کے صدر سید عامر نجیب کو تحریک دفاع حرمین سندھ کا ترجمان نامزد کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی ۔

متعلقہ عنوان :