شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور کا آٹھواں جلسہ تقسیم اسناد 20فروری کو ہوگا

وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ مہمان خصوصی ہوں گے

بدھ 13 جنوری 2016 21:18

سکھر ۔ 13جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 جنوری۔2016ء ) آٹھواں جلسہ تقسیم اسناد بروز ہفتہ 20فروری کو ہوگا ۔ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوں گے، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں آٹھویں جلسہ تقسیم اسناد 2016کے سلسلے میں انتظامی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

اس موقع پر انتظامی کمیٹی نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ موقع پر شرکائے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ دنیا میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے تعلیم سب سے موثر ہتھیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ تقسیم اسناد طلبہ و طالبات کی زندگی کا بہت اہم دن ہوتا ہے کیونکہ اس دن انہیں اپنی کامیاب تعلیمی تکمیل پر اپنی اسناد حاصل کرنے کا موقع میسر آتا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ جلسہ تقسیم اسناد میں نامور مخیر اور طبیب پروفیسر ڈاکٹر سید ادیب الحسن رضوی کو ان کی طبی خدمات کے اعتراف میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی جائے گی۔جبکہ ضلع کی مشہور سماجی شخصیات کو بھی گولڈ میڈل سے نوازا جائے گا۔ اس موقع پر ناظمین امتحانات (اینیول اور سیمیسٹر) نے شرکاء کو بتایا کہ امیدواروں کو ان کے رہائشی پتے پر خط بھیجے کا چکے ہیں ۔

علاوہ ازیں مختلف کمیٹیوں کے کنوینرز نے وائیس چانسلر کو انتظامات کے متعلق آگاہی دی۔ جلسہ تقسیم اسناد میں رجسٹریشن فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 8فروری 2016مقرر کی گئی ہے۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر لطف اللہ منگی پرووائیس چانسلر شکارپورکیمپس، پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شیخ پرووائیس چانسلر مین کیمپس، پروفیسر ڈاکٹریاسمین فیض قاضی ، پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ میتلو، پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید چانڈیو، پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک ، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حسین مہر پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی و دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :