ایس ای سی پی نے کمپنیز ( جنرل پرویژن اینڈ فارمز) رولز 1985 میں نمایاں ترامیم تجویز کر دیں

دلچسپی رکھنے والے افراد اور اداروں سے 14 دن کے اندر تجاویز طلب کر لی گئیں

بدھ 13 جنوری 2016 21:06

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 جنوری۔2016ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چیننج کمیشن آف پاکستان نے کمپنیوں کے شراکت داروں اور انتظامیہ کے مابین یا کمپنی کی انتظامیہ کے ممبران کے مابین بڑھتے ہوئے تنازعات میں کمی کے پیش نظر، کمپنیز ( جنرل پرویژن اینڈ فارمز) رولز 1985 میں نمایاں ترامیم تجویز کی ہیں۔ عوامی رائے کے حصول کے لئے ان ترامیم کی تجاویز کو سرکاری گزٹ میں شائع کر دیا گیا ہے۔

دلچسپی رکھنے والے افراد اور ادارے ان کی اشاعت کے 14 دن کے اندر کمیشن کو اپنی تجاویز سے آگاہ کر سکتے ہیں۔ تجویز کردہ ترامیم میں پرائیویٹ کمپنی کی شیئر ہولڈنگ کی منتقلی سے متعلق تفصیلی طریقہ کار وضح کیا گیا ہے۔ کمپنی کے کسی بھی شراکت دار کی جانب سے اس کے حصص کی فروخت کی صورت میں ، ان حصص کی خریداری کا پہلا حق کمپنی کے موجودہ شراکت داروں کا ہو گا۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ تمام پبلک لسٹڈ اور ان لسٹڈ کمپنیوں کے شیئرز کی منتقلی کی صورت میں شیئرز منتقل ہونے کے بعد پندرہ دن کے اندر اندر رجسٹرار کو تحریری طور پر مطلع کرنا ہو گا جبکہ مزید شیئرز کی الاٹمنٹ کی صورت میں کمپنی کے شیئرز کی پیشکش قبول کرنے کی آخری تاریخ سے پندرہ دن پہلے کمپنی کے موجودہ ممبرزکو پیشکش دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم کمپنی کے موجود ممبرز کو شیئرز کی فروخت کی صورت میں بھی راقم کی ادائیگی بینک چینل سے ادا کرنالازمی ہے۔

کمپنی آرڈیننس کی دفعہ 181کے تحت ڈائریکٹرز کی معطلی کی صورت میں، تجویز کیا گیا ہے کہ فارم 29کے ساتھ اس قسم کی برخاستگی سے متعلق متعین کردہ دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔ تجویز کردہ ترامیم کو ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :