آصف علی زرداری کی کوئٹہ میں پولیو کے خاتمہ کے دفتر پر دہشت گرد حملے کی مذمت

بدھ 13 جنوری 2016 21:06

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں پولیو کے خاتمہ کے دفتر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ بدھ کو اپنے تعزیتی پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے عظیم قربانی پیش کرنے کے بعد قوم دہشت گردی اور انتہا پسندی سے لڑنے کے لئے نئے جذبے سے سرشار ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پولیس اہلکار امر ہوگئے کیونکہ یہ ہماری آئندہ نسلوں کو معذور کر دینے والی بیماری سے بچانے کی مہم پر تھے اور قوم ایک نئے جوش اور عزم کے ساتھ دہشتگردی کو ختم کرنے کا حوصلہ لے کر آگے چلے گی۔ قوم اپنے ان سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنا خون اس لئے بہایا کہ قوم امن سے رہ سکے۔ یہ پولیس اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اعلیٰ درجات اور غمزدہ خاندانوں کے لئے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔